پرسکون اور بھرپور نیند زندگی کے ماہ وسال بڑھاسکتی ہے

ناکافی اور بے چینی سے بھرپور نیند عارضہ قلب سے لےکر دیگر امراض کو بڑھا کر عمر گھٹاسکتی ہے

گہری اور بھرپور نیند آپ کی عمر بڑھاسکتی ہے جبکہ خراب نیند کئی امراض کو بھی ساتھ لاتی ہے۔ فوٹو: فائل

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ پرسکون، گہری اور مکمل نیند نہ صرف آپ کے روزمرہ کاموں کے لیے بہت ضروری ہے بلکہ یہ طویل عمر کی ضمانت بھی ثابت ہوسکتی ہے۔

لیکن اس سے قبل ماہرین نے غیرمعمولی زور دے کر کہا ہے کہ نیند کا معیاربہتر ہونا چاہیے جو گہری اور پرسکون بھی ہو۔ سب سے بڑھ کر پرسکون نیند کے معمولات عمر میں اضافے کی وجہ بھی بن سکتے ہیں۔

توقع ہے کہ اگرآپ پوری زندگی گہری اور پورے وقت کی نیند لیتے ہیں تو اس سے عمر میں کم سے کم 5 برس کا اضافہ ہوسکتا ہے۔ اس کے لیے ماہرین رات کو سات یا آٹھ گھنٹے کی نیند تجویز کرتے ہیں لیکن وہ معیاری بھی ہونی چاہیئے۔ یہاں تک کہ نامناسب نیند دنیا میں 8 فیصد اموات ناکافی نیند کی وجہ سے ہورہی ہیں۔


امریکی شہر بوسٹن میں واقع بیتھ اسرائیل ڈیکونیس میڈیکل سینٹر کے ڈاکٹر فرینک قیان اور ان کے ساتھیوں نے کہا ہے کہ معیاری نیند تندرست دل کی ضامن ہے اور اگر نیند خراب ہو تو اس سے امراضِ قلب جنم لے سکتے ہیں۔ اس ضمن میں سائنسدانوں نے 172,321 افراد کا ڈیٹا بغور پڑھا جن کی اوسط عمر 50 برس تھی اور ان میں 54 فیصد خواتین بھی شامل تھیں۔ یہ سروے 2013 سے 2018 تک جاری رہا اور شرکا سےبالخصوص نیند کے متعلق سوالات کئے گئے تھے۔ ماہرین نے نیند کے درجے کو 0 سے 5 تک پوائنٹ میں شمار کیا بدترین نیند کو صفر یا ایک اور بہترین نیند کو 5 نمبر دیئےگئے۔

پھر اوسط 4.3 سال بعد 8680 افراد فوت ہوگئے جن میں 30 فیصد امراضِ قلب، 24 فیصد کینسر اور 46 فیصد دیگر وجوہ سے فوت ہوئے تھے۔ معلوم ہوا کہ جن افراد نے گہری، پرسکون اور بھرپور نیند لی تھی ان میں کسی بھی وجہ سے بے وقت موت کا خطرہ 30 فیصد کم تھا، امراضِ قلب سے مرنے کا خطرہ 21 فیصد اور کینسر سے موت کا 19 فیصد خطرہ کم ہوگیا۔ جبکہ دیگروجوہ سے فوت ہونے کا خدشہ بھی 40 فیصد تک کم تھا۔

ماہرین نے یہ بھی نوٹ کیا ہے کہ جن افراد کی نیند خراب تھی انہی میں اموات کی شرح بھی بلند تھی۔ یہی وجہ ہے کہ انہوں نے خوشگوار اور طویل زندگی کے لیے گہری اور مکمل نیند پر زور دیا ہے۔
Load Next Story