ملتان میں پی ٹی آئی کی جیل بھرو تحریک بغیر کسی گرفتاری کے ختم
پولیس نے ایک کلومیٹر دور پولیس وینز کھڑی کردی تھیں، عامر ڈوگر
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی کال پر پی ٹی آئی کے رہنما اور کارکنان گرفتاریاں دینے کے جمع ہوئے اور بغیر گرفتاری دیے واپس چلے گئے۔
پی ٹی آئی کی جانب سے چوتھے روز ملتان میں جیل بھرو تحریک کے تحت گرفتاریاں دینے کا اعلان کیا گیا تھا، جہاں کارکنان نواں شہر چوک پر جمع ہوئے۔ اس موقع پر رہنما بھی موجود تھے۔
پولیس نے رضاکارانہ گرفتاری کی تحریک کے پیش نظر نواں شہر چوک پر قیدیوں کی تین گاڑیوں پہنچائیں تاہم کارکنان اور چند رہنما اس میں بیٹھ کر واپس باہر آگئے۔
بعد ازاں پی ٹی آئی کے مقامی رہنما عامر ڈوگر نے جیل بھرو تحریک بغیر کسی گرفتاری کے ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 'قومی اور صوبائی اسمبلی کے سابق اراکین، رہنما اور کارکنان گرفتاریوں کے منتظر تھے مگر پولیس نہیں آئی'۔
انہوں نے کہا کہ پولیس نے ایک کلومیٹردورگاڑیاں کھڑی کردی تھی جبکہ ہم نے نواں شہر چوک پر جمع ہونے کا اعلان کیا تھا۔ عامر ڈوگر نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی کال پر کسی بھی وقت گرفتاری دینے کیلیے تیار ہیں، کل یا پرسوں جیسے ہی عمران خان نے اگرکال دی تودوبارہ گرفتاریاں دینے کیلئے آئیں گے۔