کراچی میں مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق
مکان 40 گز کے پلاٹ پر گراؤنڈ پلس ون بنا ہوا تھا
پٹیل پاڑہ کے علاقے فٹ بال گراؤنڈ کے قریب مکان کی چھت گرنے کے واقعے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ لڑکی سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی اہل محلہ کی بڑی تعداد جمع ہوگئی جبکہ پولیس اور ریسکیو کے رضا کار بھی موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیوں کا آغاز کر دیا۔
ریسکیو عملے نے سیڑھی لگانے کے بعد پہلی منزل پر جا کر سخت جدوجہد کے بعد ملبے تلے دب کر زخمی ہونے والوں کو نکال کر فوری طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کر دیا جس میں ایک کی حالت تشویشناک تھی اور وہ راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جس کی شناخت 37 سالہ محمد امجد کے نام سے کی گئی جبکہ زخمی ہونے والوں کی شناخت 20 سالہ شمائلہ، 60 سالہ حبیب، 35 سالہ سلام، 35 سالہ زاکر اور 32 سالہ کامران کے نام سے کی گئی جنھیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
اطلاعات کے مطابق 40 گز کے پلاٹ پر گراؤنڈ پلس ون مکان کی پہلی منزل کی چھت پری کاسٹ سے بنی ہوئی تھی اور اس چھت کے اوپر مزید ایک کمرہ بنانے کی کوشش کی جا رہی تھی کہ پری کاسٹ کی چھت مزید بوجھ برداشت نہ کرتے ہوئے گر گئی۔
مکان کے گراؤنڈ فلور پر لکڑی کا کارخانہ ہے اور اس میں کام کرنے والوں نے پہلی منزل پر بیٹھک بنائی ہوئی تھی جبکہ زخمی ہونے والی لڑکی برابر گھر کے باہر گلی میں کھڑی تھی جوکہ ملبہ گرنے سے زخمی ہوگئی۔
رات گئے تک مکان کی گرنے والے چھت کا ملبہ ہٹانے کا کام جاری تھا جبکہ جمشید کوارٹر پولیس نے مذکورہ علاقے کو اپنے گھیرے میں لیا ہوا تھا۔