آئی سی سی ایوارڈز میلہ سنگا کارا نے لوٹ لیا پاکستان کا پتا صاف

سری لنکن بیٹسمین نے سرگیری سوبرز ٹرافی کے علاوہ ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر اور پیپلز چوائس جیتا،۔۔۔


Sports Desk September 16, 2012
آئی سی سی ایونٹ میں شریک تمام 12 ممالک کے کپتانوں کا ورلڈ ٹوئنٹی 20 ٹرافی کے ہمراہ گروپ فوٹو، دائیں سے بائیںافغانستان کے نوروز مینگل، روز ٹیلر، مشفیق الرحیم، ولیم پورٹر فیلڈ، ڈیرن سیمی، مہیلا جے وردنے، اسٹورٹ براڈ، جارج بیلی، مہندرا دھونی، محمد حفیظ ، ابراہم ڈی ویلیئرز اور برینڈن ٹیلر موجود (فوٹو : اے ایف پی )

آئی سی سی ایوارڈز میلہ سری لنکا کے کمار سنگاکارا نے لوٹ لیا۔

انھوں نے مجموعی طورپر 3 ایوارڈز اپنے نام کیے، جس میں سرگیری سوبرز ٹرافی کے علاوہ سال کے بہترین ٹیسٹ کرکٹر اور پیپلز چوائس کا اعزاز بھی شامل ہے۔

ون ڈے میں بھارت کے ویرت کوہلی کو بہترین قرار دیاگیا، پاکستان کے محمد حفیظ اور امپائر علیم ڈار اس مرتبہ خالی ہاتھ واپس لوٹے، پی سی بی نے دنیا کے نمبرون بولر سعید اجمل کے اخراج پر تقریب کا جزوی بائیکاٹ کیا تھا، تاہم ایوارڈز تقریب میں پاکستان کا پتا ہی صاف کردیاگیا۔ تفصیلات کے مطابق ہفتے کو سجائی جانے والی آئی سی سی ایوارڈز کی تقریب میں سری لنکن بیٹسمین کمار سنگاکارا ہی چھائے رہے۔

جنھوں نے ایوارڈز جیتنے کی ہیٹ ٹرک بنائی، 34 سالہ وکٹ کیپر بیٹسمین نے سرگیری فیلڈ سوبرز ٹرافی کے علاوہ کرکٹر آف دی ایئر اور پیپلز چوائس ایوارڈ بھی اپنے نام کیا، انھوں نے یہ تینوں ایوارڈز 6 اگست 2012 سے قبل گذشتہ 12 ماہ کی پرفارمنس کی بنیاد پر حاصل کیے۔

اس دوران سنگاکارا نے 14 ٹیسٹ میچز میں 5 سنچریوں کی مدد سے 1444رنز اپنے کھاتے میں درج کیے، اسی طرح 37ون ڈے میں وہ 1457رنز بناکر نمایاں رہے، جس میں تین سنچریاں بھی شامل ہیں، ابتدائی دونوں ایوارڈز کیلیے ان کا مقابلہ جنوبی افریقہ کے ان فارم ہاشم آملا، ورنون فلینڈر اور آسٹریلوی ٹیسٹ قائد مائیکل کلارک سے رہا، اس موقع پر میڈیاسے گفتگو میں سنگاکارا نے کہا کہ میرے لیے یہ بڑے اعزاز کی بات ہے۔

میں اس سے پہلے دیگر لوگوں کو یہ ایوارڈ لیتے ہوئے دیکھتا تھا اور میرا نام صرف نامزدگی تک محدود رہتا تھا لیکن آج کامیابی ملنے پر نہایت شاندار محسوس کررہا ہوں، اسی طرح بھارت کے ویرت کوہلی کو اس عرصے میں31 میچز میں 1733رنز بٹورے پر سال کا بہترین ون ڈے پلیئر قرار دیاگیا، انھیں اپنے کپتان مہندرا سنگھ دھونی، لسیتھ مالنگا اور کمار سنگاکارا کی مسابقت کا سامنا تھا۔آئرلینڈ کے اسپنر گریگور ڈوکریل کا انتخاب ایسوسی ایٹ اینڈایفیلیٹ کرکٹر آف دی ایئر کے طور پر ہوا ہے۔

اس ایوارڈ کے لیے ان کے مقابلہ ان کے ہی ہموطن ایڈ جوائس، کیون اوبرائن، پال اسٹرلنگ اور افغان کرکٹر دوالت زدران سے تھا۔ٹی 20 میں اب تک کی تیز ترین سنچری داغنے والے جنوبی افریقی اوپنر رچرڈ لیوی کی عمدہ کاوش کو سال کی بہترین پرفارمنس چناگیا، انھوں نے 19 فروری 2012 کو آکلینڈ کے مقام پر نیوزی لینڈ کیخلاف 51 گیندوں پر 117 کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی، جس میں 5 چوکے اور 13چھکے شامل رہے تھے۔

ویمنز ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر ویسٹ انڈیز کی اسٹیفنی ٹیلر رہیں جبکہ ٹی 20 کی بہترین کھلاڑی کے طورپر انگلینڈ کی سارہ ٹیلر کا انتخاب عمل میں آیا۔سال کے بہترین امپائر کا قرعہ اس مرتبہ سری لنکا کے کمار دھرماسینا کے نام نکلا، لگاتار تین برس بہترین ایوارڈ کی ٹرافی جیتنے والے پاکستان کے علیم ڈار اس مرتبہ بھی نامزد ہوئے تھے۔اسپرٹ آف کرکٹ ایوارڈ کیلیے نیوزی لینڈ کے ڈینئیل ویٹوری کو منتخب کیاگیا، ان کے مقابل پاکستان کے محمد حفیظ، جنوبی افریقہ کے جیک کیلس اور ابراہم ڈی ویلیئرز موجود تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں