حلقہ بندیوں کا تنازع ایم کیو ایم پاکستان کا عوامی طاقت کے ذریعے مطالبات منوانے کا فیصلہ

12 مارچ کو باغ جناح میں جلسہ کرکے عوامی قوت کا مظاہرہ کیا جائے گا، ذرائع

فوٹو: فائل

بلدیاتی حلقہ بندیوں سمیت دیگر معاملات پر ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی کا اہم اجلاس بہادرآباد میں منعقد ہوا جس میں اہم فیصلے کئے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال، حلقہ بندیوں، مردم شماری اور دیگر عوامی مسائل پر بحث ہوئی جبکہ پیپلز پارٹی کی جانب سے حلقہ بندیوں کے حوالے سے تاحال نوٹیفکیشن جاری نہ کرنے کا معاملہ پر بھی تفصیل سے گفتگو کی گئی۔


ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم نے حلقہ بندیوں کی درستی اور دیگر مطالبات پر کوئی مثبت جواب نہ آنے پر اب یہ فیصلہ کیا ہے کہ عوامی طاقت کے ذریعے اپنے مطالبات حکومت کے سامنے رکھے جائیں گے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایم کیو ایم کراچی میں عوامی طاقت کا مظاہرہ 12 مارچ کو باغ جناح میں جلسہ کرکے کرے گی۔ جلسے کا باقاعدہ اعلان پریس کانفرنس کے ذریعے کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی کے بعد حیدرآباد میں جلسے کی صورت میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کیا جائے گا، جلسوں میں ایم کیو ایم آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔
Load Next Story