قوم دو تین روز میں مذاکرات دوبارہ شروع ہونے کی خوشخبری سنے گی مولانا طاہر اشرفی

مدارس کے خلاف کریک ڈاون کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا، مولانا طاہر اشرفی

وزیر اعظم نواز شریف نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ان کے وطن واپس آنے پر مذاکراتی عمل دوبارہ شروع ہوجائے گا، مولانا طاہر اشرفی فوٹو: ایکسپریس نیوز

پاکستان علما کونسل کے سربراہ حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ دو تین روز میں قوم حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکراتی عمل دوبارہ شروع ہونے کی خوشخبری سنے گی۔


ہمدرد سینٹر لاہور میں مولانا محمد ضیا القاسمی مرحوم کی کتاب ''میرے دور کے علما مشائخ'' کی تقریب رونمائی ہوئی، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ ہمیں امن عزیز ہے، طالبان کے نمائندوں سے بات ہوئی ہے اور اب طالبان گروپوں میں لڑائی ختم ہوگئی ہے، وزیر اعظم نواز شریف نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ان کے وطن واپس آنے پر مذاکراتی عمل دوبارہ شروع ہوجائے گا اور قوم جلد مذاکرات کی کامیابی کی خوشخبری سنے گی۔ انہوں نے کہا کہ مدارس کے خلاف کریک ڈاون کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔

کتاب کی تقریب رونمائی سے مولانا عبد الحفیظ مکی، مولانا امجد خان، مولانا عبدالخبیر آزاد اور مولانا عبد الرؤف فاروقی سمیت دیگر علما نے بھی خطاب کیا، مقررین کا کہنا تھا کہ ملک میں امن اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے مولانا ضیا القاسمی کی کتاب بڑی اہم حثيت رکھتی ہے اور ان کے بتائے ہوئے اصولوں پر عمل کرکے امن ہوسکتا ہے۔
Load Next Story