سعودی وزیر خارجہ کا دورۂ یوکرین 40 کروڑ ڈالرمالی امداد کے معاہدے پردستخط

سعودی عرب 10 کروڑ ڈالر نقد اور 30 کروڑ ڈالر تیل کی صورت میں یوکرین کی مدد کرے گا


ویب ڈیسک February 27, 2023
سعودی ولی عہد نے گزشتہ برس یوکرینی صدر سے ٹیلی فونک گفتگو میں مارلی اعانت کا وعدہ کیا تھا؛ فوٹو: رائٹرز

سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان یوکرین کے دورے پر پہنچ گئے جہاں انھوں نے صدر وولودیمیر زیلنسکی سے ملاقات میں ولی عہد محمد بن سلمان کا پیغام پہنچایا اور دوطرفہ تعلقات بالخصوص روس جنگ پر تبادلہ خیال کیا۔

سعودی میڈیا کے مطابق دورے میں ایک مفاہمتی یاداشت پر دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے دستخط کیے۔ اس معاہدے کے تحت سعودی عرب یوکرین کو نقدی اور مصنوعات کی شکل میں 40 کروڑ ڈالر تک کی امداد کرے گا۔

سعودی عرب کی یوکرین کو 40 کروڑ ڈالر کے معاہدے میں 10 کروڑ ڈالر نقد کا مشترکہ تعاون پروگرام اور 30 کروڑ ڈالر مالیت کی تیل کی مصنوعات کی شکل میں مالی اعانت شامل ہے۔

یاد رہے کہ اس امدادی پیکج کا اعلان سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے گزشتہ سال اکتوبر میں یوکرین کے صدر سے فون پر بات چیت کے دوران کیا تھا۔

روس اوپیک پلس کا رکن ہے تاہم سعودی عرب نے روس سے تعلقات کو برقرار رکھتے ہوئے یوکرین کی حمایت جاری رکھی ہے جو اس کے غیر جانبدار ہونے کا ثبوت ہے۔

گزشتہ برس کے آخر میں ہی یوکرین پر جنگ مسلط کرنے پر اقوام متحدہ میں روس کے خلاف قراردار منظور کی گئی تھی۔ سعودی عرب نے اوپیک کا ممبر ہونے کے باوجود اس قرارداد کے حق میں ووٹ دیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں