پی سی بی کا مصباح الحق کو ورلڈ کپ 2015 تک کپتان برقراررکھنے کا اعلان

پی سی بی کے بعض حلقے شاہد آفریدی کو ایک روزہ میچز میں کپتان دیکھنا چاہتے تھے اوراس کیلئے لابنگ بھی کی گئی، ذرائع

ون ڈے اور ٹیسٹ میچز میں مصباح الحق کو کپتانی سے ہٹانے کا کوئی ارادہ نہیں ، نجم سیٹھی فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایک بار پھر مصباح الحق کو ورلڈ کپ 2015 تک کپتان برقراررکھنےکا اعلان کردیا جس کے بعد شاہد آفریدی کو قومی ٹیم کا کپتان بنائے جانے کی افواہیں دم توڑ گئیں۔



چیرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے اپنے اس موقف کا اعادہ کیا کہ وہ مصباح الحق کو ورلڈ کپ 2015 تک کپتان مقرر کر چکے ہیں اور ایک روزہ میچز اور ٹیسٹ سیریز میں انہیں کپتانی سے ہٹانے کا کوئی ارادہ نہیں جبکہ اس حوالے سے وہ اپنے موقف پرقائم رہیں گے۔ ذرائع کے مطابق محمد حفیظ کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت سے علیحدگی کے بعد شاہد آفریدی، عمر اکمل اور احمد شہزاد نئی قیادت کے مضبوط امیدوار ہیں۔


ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ بعض حلقے آل راؤنڈر شاہد آفریدی کو ایک روزہ میچز میں کپتان دیکھنا چاہتے تھے جس کے لئے لابنگ بھی کی گئی تاہم چیرمین پی سی بی ورلڈکپ 2015 سے قبل مصباح الحق کو کپتانی سے الگ کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتے۔


واضح رہے کہ ورلڈ کپ 2015 کا آغاز 14 فروری سے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں ہونا ہے جس کے لئے قومی ٹیم کی قیادت کا سہرا مصباح الحق کے سر سجا دیا گیا ہے۔

Load Next Story