قائداعظم یونیورسٹی میں دو طلباء تنظیموں میں تصادم جامعہ غیرمعینہ مدت کیلئے بند

یونیورسٹی ہاسٹلز میں رہائش پذیر طلباء و طالبات کو ہاسٹلز فوری خالی کرنے کی ہدایت

فوٹو: اسکرین گریب

قائداعظم یونیورسٹی میں دو طلباء تنظیموں میں تصادم کے باعث یونیورسٹی کو غیر معینہ مدت کیلئے بند کردیا گیا۔

قائداعظم یونیورسٹی کے رجسٹرار ڈاکٹر راجا قیصر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ جامعہ میں کشیدہ حالات کے باعث جامعہ کو غیر معینہ مدت کیلئے بند کردیا گیا ہے۔ ہاسٹلز میں رہائش پذیر طلباء و طالبات کو فوری ہاسٹلز خالی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اس سے قبل قائد اعظم یونیورسٹی کے مین ہٹس پر دو گروپوں کے درمیان لڑائی ہوئی جس میں 7/8 طالبعلم زخمی ہوگئے تھے، لڑائی کے دوران دونوں جانب سے طلبا نے ایک دوسرے پر ڈنڈوں، لوہے کے راڈز اور پتھروں کا آزادانہ استعمال کیا۔


جھگڑے کے دوران یونیورسٹی کی ایمبولینس کے شیشے بھی توڑ دئیے گئے جبکہ مین ہٹس پر بھی توڑ پھوڑ کی گئی، بعد ازاں دونوں لسانی کونسلز کے طلباء ہاسٹلز کی جانب چلے گئے جہاں لڑائی کا سلسلہ جاری رہا۔

قائداعظم یونیورسٹی انتظامیہ نے ایس ایچ او سیکرٹریٹ اور ڈی ایس پی سیکرٹریٹ کو حالات پر قابو پانے کیلئے طلب کیا جس کے بعد جامعہ کی حدود سے باہر ہٹس بند کرادیے گئے تاہم یونیورسٹی کی اندرونی حدود میں طلباء ایک دوسرے سے گتھم گتھا ہوتے رہے۔

کشیدہ حالات کے پیش نظر یونیورسٹی انتظامیہ نے جامعہ کو غیر معینہ مدت تک بند رکھنے اور طلباء کو ہاسٹلز فی الفور خالی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

ذرائع کے مطابق جامعہ انتظامیہ ہاسٹلز خالی کرواکر گرینڈ آپریشن کرنے جا رہی ہے اگر طلباء نے ہاسٹلز خالی نہ بھی کئے تو منگل سے آپریشن کا آغاز کردیا جائے گا۔
Load Next Story