انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی دوسرے روز بھی بلند پرواز

ڈالر کا انٹربینک ریٹ 266.11 روپے اور اوپن مارکیٹ میں قدر 274 روپے کی سطح پر پہنچ گئی


Ehtisham Mufti March 01, 2023
(فوٹو : فائل)

آئی ایم ایف کی پاکستان پر عائد ہونے والی نئی شرائط کے بعد بدھ کے روز بھی انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی پرواز جاری رہی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق آئی ایم ایف کا ذرمبادلہ کی مارکیٹوں میں ایکس چینج ریٹ حقیقی بنیادوں پر مارکیٹ فورسز پر چھوڑنے کی سخت ہدایات اور بیشتر مطلوبہ شرائط پوری ہونے کے باوجود آئی ایم ایف کی نت نئی شرائط سے رواں ہفتے بھی اسٹاف لیول معاہدہ نہ ہونے خبروں سے بدھ کو دوسرے دن بھی ڈالر کی پرواز جاری رہی۔

جس سے ڈالر کے انٹربینک ریٹ 265روپے سے بھی تجاوز کرگیا ہے جبکہ اوپن ریٹ 274روپے کی سطح پر آگیا۔

اس طرح سے گذشتہ دو روز میں ڈالر کی نسبت پاکستانی روپیہ 2.35فیصد ڈی ویلیو ہوگیا ہے۔

کاروباری دورانیے کے ابتدا میں ڈالر کی قدر ایک موقع پر 50پیسے کی کمی بھی واقع ہوئی لیکن کچھ ہی وقفے بعد ڈالر کی پرواز شروع ہوئی جس سے ایک موقع پر ڈالر کی قدر 5روپے کے اضافے سے 266.50روپے کی سطح پر بھی آگئی تھی تاہم کاروبار کے اختتام پر انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 4.61روپے کے اضافے سے 266.11روپے کی سطح پر بند ہوئی۔

اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر یک دم 7روپے کے اضافے سے 274روپے کی سطح پر بند ہوئی۔

مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک میں سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے بھی آئی ایم ایف قرض پروگرام معاہدے میں تاخیر ہورہی ہے اور درآمدی ادائیگیوں کے دباؤ بھی بڑھتا جارہا ہے۔ انفلوز نہ آنے اور معیشت کی مستقبل سے متعلق غیریقینی ماحول نے ڈالر کی طلب کو بڑھادیا ہے جس سے ڈالر دوبارہ بے قابو ہوتا نظر آرہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ فی الوقت درآمدی سرگرمیاں تقریبا منجمد ہیں جسکی وجہ سے گذشتہ چند ہفتوں سے ڈالر تنزلی سے دوچار رہا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں