وارم اپ مقابلے عرفان پٹھان نے سری لنکا کو دن میں تارے دکھا دیے

پیسر نے 5 شکار کیے،بھارت 26 رنز سے فتحیاب، آسٹریلیانے نیوزی لینڈ کو 83 پر ڈھیر کردیا، کینگروز 56 رنز سے کامیاب


Sports Desk September 16, 2012
پیسر نے 5 شکار کیے،بھارت 26 رنز سے فتحیاب، آسٹریلیانے نیوزی لینڈ کو 83 پر ڈھیر کردیا، کینگروز 56 رنز سے کامیاب فوٹو:فائل

وارم اپ میچ میں عرفان پٹھان نے سری لنکا کو دن میں تارے دکھا دیے، لیفٹ آرم پیسر نے 5 شکار کیے،

بھارتی 26رنز سے کامیاب رہا، 147 رنز کا تعاقب کرنے والی میزبان سائیڈ 120 پر ڈھیر ہوگئی، لکشمی پاتھی بالا جی نے تین وکٹیں لیں، آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو 56 رنز سے پچھاڑ دیا، کینگرو اٹیک نے کیویز کو 83 رنز پر خاک چٹا دی۔بنگلہ دیش نے زمبابوے کیخلاف باآسانی 5وکٹ سے کامیابی پائی۔

افغانستان نے میزبان ' اے' سائیڈ کیخلاف بھرپور بیٹنگ پریکٹس کی اور مقابلہ 51رنز سے جیت لیا، اصغر اور محمد نبی نے نصف سنچریاں بنائیں۔ تفصیلات کے مطابق ہفتے کو پی سارا اوول کولمبو میں کھیلے جانے والے وارم اپ میچ میں سری لنکا کو فتح کیلیے 147 کا ہدف ملا مگر پوری ٹیم 19.3 اوورز میں 120 رنز پر ڈھیر ہوگئی، کمار سنگاکارا 32 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

جیون مینڈس نے 26 اور لاہیرو تھریمانے نے 24 رنز اسکور کیے، عرفان پٹھان نے 4 اوورز میں 25 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، لکشمی پاتھی بالا جی نے 3 وکٹیں لیں۔اس سے قبل بھارتی ٹیم کا آغاز بھی اچھا نہیں ہوا، 51 رنز پر 4 کھلاڑیوں کی میدان بدر ہونے پر دھونی نے ناقابل شکست 55 اور روہت شرما نے 37 رنز بناکر اپنی ٹیم کو قابل قدر مجموعے تک پہنچایا۔ نوان کولا سیکرا نے دو وکٹیں لیں۔

دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے 6 وکٹوں پر 139 رنز بنائے، شین واٹسن 27، میتھیو ویڈ ناٹ آئوٹ 25 اور ڈیوڈ وارنر و گلین میکسویل 24، 24 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، ڈگ بریسویل اور ایڈم ملن نے دودو وکٹیں لیں۔ جواب میں کیوی ٹیم 17 اوورز میں 83 رنز پر آئوٹ ہوگئی، روز ٹیلر 22 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، 8 کھلاڑی ڈبل فیگر تک ہی نہیں پہنچ پائے، بریڈ ہوگ نے 3 وکٹیں لیں۔

بنگلہ دیش نے زمبابوے کیخلاف 5وکٹ سے آسان فتح حاصل کی، ٹائیگرز نے 135 کا ہدف 10 بالز قبل حاصل کرلیا، اوپنر محمد اشرفل 38رنز بناکر نمایاں ترین رہے، انھوں نے شکیب الحسن (28) کے ہمراہ دوسری وکٹ کیلیے 52 کی شراکت بنائی، ٹائیگرز کیلیے دوسری ففٹی شراکت ناقابل شکست ضیاالرحمان 26 اور محمود اللہ 23 کے درمیان قائم ہوئی۔

ایک مرحلہ پر مضبوط پوزیشن میں دکھائی دینے والی بنگلہ دیشی ٹیم 5 رنز کے اضافے سے یکدم 85 پر 5وکٹیں کھو بیٹھی تھی تاہم پھر ضیا اور محمود نے مزید کوئی نقصان کیے ٹیم کو فتح کی منزل سے ہمکنار کرادیا، گریمی کریمر نے 2وکٹیں لیں، زمبابوے کے 134رنز میں ووسی سبانڈا نے سب سے زیادہ 40اسکور کیے۔

عبدالرزاق نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔افغانستان نے مضبوط بیٹنگ پرفارمنس کی بدولت سری لنکا ' اے ' کو 51رنز سے ہرادیا، فاتح سائیڈ نے پہلے کھیل کر مقررہ اوورز میں 7 وکٹ پر 209رنز جوڑے، محمد نبی51،اصغراستنکزئی50 اور محمد شہزاد48رنز بنانے میں کامیاب رہے، نوان پردیپ اور کوشل لوکو آراچی نے 3،3 مہرے کھسکائے، میزبان سائیڈ جوابی اننگزمیں 18.2 میں 158رنز بناکر آل آئوٹ ہوگئی، کوسالا کولاسیکرا نے 63 کی اننگز کھیلی، دوالت زدران نے 3 وکٹیں لیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں