سپریم کورٹ کا فیصلہ خوش آئند اور آئین کی بالادستی کا عکاس ہے عمران خان
تحریک انصاف انتخابی مہم میں اب تیزی لائے گی، چیئرمین تحریک انصاف کی پرویز الہٰی سے گفتگو
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے 90 روز میں انتخابات کا حکم دیکر آئین کو سپرمیسی کو برقرار رکھا، سپریم کورٹ کا فیصلہ خوش آئند اور آئین کی بالادستی کا عکاس ہے۔
عمران خان نے کہا کہ قوم نے آئین کی بالادستی کے لئے جو جدوجہد کی وہ رنگ لائی ہے، تحریک انصاف انتخابی مہم میں اب تیزی لائے گی۔ تحریک انصاف کے رہنما اور کارکن بھرپور انداز سے انتخابی مہم شروع کریں۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے زمان پارک میں ملاقات کرکے انہیں سپریم کورٹ کے فیصلے پر مبارکباد پیش کی۔ ملاقات میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پارٹی کے آئندہ لائحہ عمل پر مشاورت ہوئی اور فوری طور پر پنجاب و خیبر پختونخوا میں انتخابی سرگرمیاں تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد اب بلا تاخیر متعلقہ ادارے عملدرآمد کے لئے اقدامات کریں، آئین ہی سپریم ہے یہ بات پی ڈی ایم کو بھی جان لینی چاہیے۔ ملک کو نوازشریف ،شہباز شریف یامریم کی خواہشات پر نہیں آئین کے مطابق ہی چلنا ہے، اب معززعدلیہ مریم نواز کے عدلیہ پر حملوں کا بھی نوٹس لے، سابق اٹارنی جنرل انور منصور خان کے چیف جسٹس کے نام خط پر کارروائی عمل میں لائی جائے۔
چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا کہ شہبازشریف، مریم نواز اینڈ کمپنی نے الیکشن سے بھاگنے کی بہت کوشش کی، عدلیہ نے اپنے فیصلے میں واضح بتادیا کہ نوے روز میں الیکشن آئین کی منشا ہے، اداروں پر حملے کرنا شہبازشریف، نوازشریف اورمریم نواز کا پرانا وتیرہ ہے، امید ہے الیکشن کمیشن صدرمملکت اورگورنر خیبرپختونخوا کے ساتھ مشاورت کے بعد بلاتاخیر الیکشن کی تاریخ اورشیڈول جاری کرے گا۔
چوہدری پرویز الہی نے کہا کہ تحریک انصاف نے انتخابات کے حصول کے لئے ہر فورم پر جدوجہد کی، تحریک انصاف نے عوامی سطح پر بھی آواز بلند کی اور عدلیہ کے پلیٹ فارم پر بھی کیس لڑا۔ اب انشا اللہ عمران خان پنجاب اورخیبر پختونخواہ میں پہلے سے بھی زیادہ اکثریت سے حکومتیں بنائے گا، عمران خان کی سیاسی مقبولیت کا مقابلہ کرنے کی پی ڈی ایم میں ہمت نہیں۔
پرویز الہٰی نے کہا کہ روزانہ انتقامی بنیاد پر مقدمات بنائے جارہے ہیں، شہباز شریف جھوٹے مقدمات کا ریکارڈ قائم کررہے ہیں۔ پی ٹی آئی کی قیادت کے خلاف دہشت گردی کے مقدمات بھی عمران خاں کاراستہ نہیں روک سکتے۔ عمران خان ہوں یا مرکزی قیادت یا کارکن سب اس حکومت کی فسطائیت کے سامنے ڈٹ کرکھڑے ہیں، عمران خان عوام کا مقدمہ لڑتے رہیں گے، حکومت میں بیٹھے مافیا سے نجات حاصل کرکے رہیں گے۔