کراچی خواتین کیلیے پنک بس سروس کے مزید دو روٹس کا آغاز ہوگیا
اپنی ماؤں ، بہنوں اور بچیوں کی سہولت کے لئے سروس بڑھا رہے ہیں، شرجیل میمن
کراچی میں مزید دو روٹس پر خواتین کے لیے مختص پیپلز پنک بس سروس نے اپنے سفر کا آغاز کردیا۔
صوبائی وزراء شرجیل انعام میمن ، سید ناصر حسین شاہ نے آج سی ویو پر منعقدہ تقریب میں پیپلز پنک بس سروس کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون شہزاد میمن، ایم پی اے سعدیہ جاوید ، سیکرٹری ٹرانسپورٹ عبدالحلیم شیخ ، ایم ڈی سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی زبیر چنہ ، پروجیکٹ ڈائریکٹر صہیب شفیق و دیگر بھی موجود تھے۔
افتتاحی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات ، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے پارٹی قیادت کے خصوصی احکامات پر سندھ بھر میں پیپلز پنک بس سروس شروع کی ہے ۔ پہلے مرحلے میں کراچی میں آزمائشی بنیادوں پر روٹ کا آغاز کیا ۔ اس کی بھرپور پذیرائی کے بعد حیدرآباد میں خواتین کے لئے پنک بس سروس کا آغاز کیا ۔
انہوں نے کہا کہ آج سے کراچی کے دو نئے روٹس شروع کر رہے ہیں ۔ اپنی ماؤں ، بہنوں اور بچیوں کی سہولت کے لئے سروس بڑھا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ خواتین کو با اختیار بنانے کے لیے بڑا اقدام ہے ۔ انہیں اسکول ، کالیج اور دفاتر جانے میں آسانی ہوگی۔
شرجیل میمن نے کہا کہ خواتین کے لیے دنیا کے بڑے بڑے ترقی یافتہ ممالک میں الگ بس سروس نہیں صرف دنیا کے 12 ممالک ہیں جہاں خواتین کے لیے الگ بس سروس ہے اور پاکستان ان ممالک میں شامل ہے ۔
انہوں نے کہا کہ عالمی میڈیا میں پیپلز پنک بس سروس کو بہت پذیرائی ملی ہے ۔ یہ سروس سکھر ، لاڑکانہ اور دیگر اضلاع میں بھی لیکر جائیں گے تاکہ خواتین کو محفوظ سفری سہولیات میسر ہوں اور وہ آگے بڑھ سکیں ۔
شرجیل انعام میمن نے مزید کہا کہکہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ خواتین کو با اختیار کرنے کی کوشش کی ۔
روٹس
پاور چورنگی نارتھ کراچی تا انڈس ہاسپٹل اور نمائش چورنگی تا سی ویو تک پنک بس کے 2 نئے روٹس کا آج آغاز ہوگیا جبکہ ماڈل کالونی تا ٹاور روٹ پر بسوں کی تعداد میں مزید اضافہ کیا گیا ہے۔