بھارتی مندر میں پوجا کے لیے اصل کی بجائےروبوٹ ہاتھی کا استعمال

ہاتھی کی اصل جسامت والا روبوٹ جانوروں کی حقوق کی تنظیم اور ایک اداکارہ نے عطیہ کیا ہے


ویب ڈیسک March 02, 2023
بھارت میں پہلی مرتبہ مذہبی رسومات کے لیےمشینی ہاتھی استعمال کیا ہے۔ فوٹو: ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ

اڑی نیاڑا پلی رامن ایک ہاتھی کا نام ہے جو اس وقت کیرالہ کے ضلع تھریسور کے ایک مندر میں مذہبی رسومات میں استعمال ہورہا ہے۔ یہ آنکھیں گھماتا ہے، کان ہلاتا ہے، سونڈ اور دم کو حرکت دیتا ہے اور منہ میں جنبش بھی ہوتی ہے تاہم یہ مکمل طور پر روبوٹ ہاتھی ہے۔

بھارت میں جانوروں کی حقوق کی تنظیم اور اداکارہ پاروتی تھروش کی کوششوں سے یہ مشینی ہاتھی بنایا گیا ہےجسے چار ماہرین نے پانچ لاکھ روپے کی لاگت سے تیار کیا ہے جو دیکھنے میں ہوبہو اصل ہاتھی کی طرح دکھائی دیتا ہے۔ حقوقِ حیواں کے ماہرین کے مطابق اس سے ملک میں جانوروں کے حقوق کے تحفظ میں مدد ملے گی۔



فی الحال اس کا ایک ماڈل رامن مندر میں موجود ہے اور مذہبی رسومات میں کام آرہا ہے۔ یہ ملک کا پہلا مشینی ہاتھی بھی ہے جس کا مقصد جانوروں کو تناؤ اور پریشانی سے روکنا بھی ہے۔ اڑی نیاڑا پلی رامن کو پہلی مرتبہ اس اتوار کو مندر میں رکھا گیا، جہاں تنظیم کے نمائیندوں نے بتایا کہ ڈھول تاشوں کے سامنے اس جانور کو کھڑا رکھنے سے وہ تناؤ اور مشکل کا شکار ہوجاتا ہے۔



ریاست کیرالہ میں نہ صرف بہت سے ہاتھی قید میں ہیں بلکہ انہیں تکلیف دہ عمل کے ذریعے دیگر صوبوں میں بھیجا جاتا ہے۔ انہیں مذہبی رسومات، سواری اور دیگر امور میں استعمال کیا جاتا ہے۔ تاہم یہ جانور فطری ماحول میں خوش رہتا ہے اور دیگر کاموں سے افسردہ اور دماغی تناؤ کا شکار ہوسکتا ہے۔ ماہرین پہلے بھی کہہ چکے ہیں کہ ہاتھی بہت ہی حساس جانور ہے جس کے اپنے تاثرات اور جذبات ہوتے ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ ہاتھی بے قابو ہوکر انسانوں پر حملہ بھی کرتے ہیں۔ کیرالہ میں گزشتہ 15 برس میں ہاتھیوں کی وجہ سے کل 526 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔