نجی اسکول میں فن گالا کے دوران زخمی ہونے والا بچہ جاں بحق
کانچ کی بوتل کا ٹکڑا گردن پر لگنے سے پانچویں جماعت کا طالبعلم حذیفہ نے سول اسپتال میں دوران علاج دم توڑا
ماڈل کالونی میں نجی اسکول میں فن گالا کے دوران گردن پر شیشہ لگنے سے شدید زخمی پانچویں جماعت کا طالبعلم دوران علاج زندگی کی بازی ہار گیا.
تفصیلات کے مطابق ماڈل کالونی کے علاقے جناح ایونیو کاظم آباد میں قائم نجی اسکول میں فن گالا کے دوران کانچ کی بوتل کا ٹکڑا گردن پر لگنے سے شدید زخمی پانچویں جماعت کے طالبعلم حذیفہ نے سول اسپتال کے ٹراما سینٹر میں دوران علاج دم توڑ دیا۔
طالبعلم کے زخمی ہونے کا واقعہ گزشتہ ماہ 24 فروری کو پیش آیا تھا جس کا مقدمہ ماڈل کالونی پولیس نے 27 فروری کو والد کی مدعیت میں اسکول انتظامیہ کے خلاف درج کیا تھا جبکہ واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل پرائیویٹ انسٹیٹیوشن سندھ نے اسکول کی رجسٹریشن معطل کر کے 75 ہزار روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا تھا۔
پولیس نے متوفی حذیفہ کی لاش ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دی ، متوفی کے انتقال کی خبر پر اہلخانہ شدت غم سے نڈھال ہوگئے جبکہ اہل محلہ اور رشتے داروں کی بڑی تعداد ان کی رہائش گاہ پہنچ گئی اور واقعہ پر اپنے شدید غم کا اظہار کیا۔