کراچی میں بچی سے زیادتی و قتل کے 2 ملزم گرفتار

ملزمان نے معصوم بچی کو زیادتی کا نشانہ بنا کر لاش کو بوری میں بند کر کے نالے میں پھینک دیا تھا


Staff Reporter March 02, 2023
دونوں کا آبائی تعلق پنجاب کے شہر لیہ سے ہے۔

بن قاسم ٹاؤن میں بچی سے زیادتی و قتل کے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا، ملزمان نے 6 سالہ کمسن معصوم بچی کو زیادتی کا نشانہ بنا کر لاش کو بوری میں بند کر کے نالے میں پھینک دیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق ایس ایس پی ملیر حسن سردار نے بتایا کہ انہوں نے کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم انتظار اور اس کے سہولت کار اللہ رکھا کو گرفتار کرلیا۔ مرکزی ملزم مقتولہ بچی کا ہمسایہ ہے۔ ملزم اللہ رکھا نے بچی کی لاش ٹھکانے لگانے میں سہولت کاری کی تھی۔ دونوں کا آبائی تعلق پنجاب کے شہر لیہ سے ہے۔

جناح اسپتال میں 6 سالہ مقتولہ بچی کے چچا شاہ فیصل نے بتایا کہ ان کی بھتیجی 27 فروری بروز پیر کی صبح 8 بجے گھر کے ساتھ بنی دکان پر چیز لینے گئی تھی جس کے بعد سے وہ لاپتہ ہوگئی ، بچی گھر واپس نہیں آئی تو اسے ہر جگہ تلاش کیا، گاڑی پر لاؤڈ اسپیکر لگا کر علاقے میں اعلانات بھی کیے لیکن اس کا کچھ پتہ نہ چل سکا جس کے بعد آج اس کی لاش ملی ہے۔

بچی کے چچا کا کہنا تھا کہ درندوں نے کمسن معصوم بچی کی لاش کو بوری میں بند کر کے نالے میں پھینک دیا تھا جس سے تعفن اُٹھ رہا تھا، بچی کا باپ بیٹی کی لاش دیکھ کر بے ہوش ہوگیا، بچی کے چچا نے بتایا کہ ہمارے گھر میں آج قیامت مچی ہوئی ہے ۔

مقتولہ کے چچا نے اعلیٰ حکومتی شخصیات اور عدالت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان درندوں کو عبرناک سزا دیں تاکہ کل کوئی اور حوا کی بیٹی ان درندوں کی بھینٹ نہ چڑھ جائے۔

یہ بھی پڑھیں: بن قاسم نیشنل ہائی وے سے 'زیادتی' کا شکار کمسن بچی کی لاش برآمد

مقتولہ کے اہلخانہ اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے اسٹیل ٹاؤن تھانے کے سامنے نیشنل ہائی وے پر دھرنا دے کر دونوں ٹریک پر ٹریفک معطل کر دیا جس کے باعث کراچی سے ٹھٹھہ جانے اور آنے والی گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں ۔

اس موقع پر مظاہرین کی جانب سے کمسن بچی فرح عرف فری کو اغوا کے بعد درندگی کا نشانہ بنا کر قتل کیے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور فوری طور پر انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ مظاہرین نے آئے روز بچوں کو درندگی کا نشانہ بنانے کے واقعات کی روک تھام کے لیے کڑی سزا کا مطالبہ بھی کیا۔

احتجاج کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان سے مذاکرات شروع کر دیئے۔

rape2

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔