یہ دہشتگردی ہے کراچی بلدیاتی الیکشن کے نتائج بدلے جارہے ہیں حافظ نعیم

جماعت اسلامی ایک ووٹ سے بھی دستبردار نہیں ہوگی، امیر جماعت اسلامی کراچی


ویب ڈیسک March 02, 2023
جماعت اسلامی ایک ووٹ سے بھی دستبردار نہیں ہوگی، امیر جماعت اسلامی کراچی

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم نے کہا ہے کہ یہ دہشتگردی ہے کراچی بلدیاتی الیکشن کے نتائج بدلے جارہے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے بلدیاتی انتخابات کے نتائج کے حوالے سے ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کے نمبر پورے نہیں ہوئے تو الیکشن کمیشن سے نتائج رکوائے، آراوز اور الیکشن کمیشن پر زور دے کر 6 یونین کونسلز نتائج رکوائے گئے اور جعل سازی کی انتہا کی گئی، پولنگ اسٹیشنز سے جماعت اسلامی کے ووٹ کم کئے گئے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کو ری کاؤنٹنگ (دوبارہ گنتی) کے دوران بھی جعل سازی کے حوالے سے بتایا گیا ، یہ کیا دہشتگردی ہے الیکشن کے نتائج بدلے جارہے ہیں، یہ الیکشن کمیشن کا کام تھا کہ وہ جعل سازی کو روکتے ، اصل کاغذ کو بدل کر جعلی کاغذ استعمال ہوا۔

حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ ہم خاموش گھر نہیں بیٹھیں گے ، جماعت اسلامی ایک ووٹ سے بھی دستبردار نہیں ہوگی، مزید یوسیز میں ری کاؤنٹنگ کے نتائج آنے ہیں، ان میں بھی جعل سازی کا امکان ہے۔

حافظ نعیم نے بتایا کہ پریزائیڈنگ افسران کو معطل کیا جارہا ہے، نوکری سے نکالنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں، ان کی نوکریوں کو خطرات ہیں ۔

انہوں نے چیف الیکشن کمشنر سے مطالبہ کیا کہ 11 یوسیز کے کیسز کے فیصلے فوری سنائے جائیں، دس مارچ تک یوسیز کے نتائج کا فیصلہ کریں، دس مارچ کو اگر نتائج سامنے نا آئے تو شہر میں ایک بڑا دھرنا دینگے اور اپنے حقوق حاصل کرکے اٹھیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مردم شماری میں کراچی کی گنتی نہیں ہورہی، اس سسٹم کو ٹھیک کیا جائے ، جو جہاں ہے اسے وہی گنا جائے، پہلے مینوئل جعل سازی کی گئی تھی اب ڈیجیٹل جعل سازی کی تیاری ہے، اگر ہمارے نمبر ٹھیک ہونگے تو کراچی سے بھی وزیراعلی سندھ آسکتا ہے۔

حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک 889 ارب روپے ہڑپ کرگئی ، نیپرا رپورٹس نے اس کا اصل چہرا دکھا دیا ، ان اداروں میں وائٹ کالر کرمنلز لوگ بیٹھے ہیں ، غریبوں کا خون چوس کر کچھ لوگوں کو نوازا جارہا ہے۔


انہوں نے کہا کہ میئر کا انتخاب اس لئے ہوا کہ یہاں کے مسائل حل ہوں، ہم نے اپنی ذات کے لئے ووٹ نہیں مانگے، ہم شہر کے مینڈیٹ کی بات کررہے ہیں، سڑکوں کی ٹوی پھوٹی حالت کی وجہ سے لوگوں کی ہڈیاں ٹوٹ رہی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔