پاکستان کی معاشی صورت حال کا ذمہ دار ایک ترقی یافتہ ملک ہے چین

قرض فراہم کرنے والے ادارے اور ممالک پاکستان کی فوری مدد کریں، ترجمان ماؤننگ


ویب ڈیسک March 02, 2023
مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کرتے آئے ہیں اور آئندہ بھی کریں گے؛ چین (فوٹو: فائل )

چین نے قرض فراہم کرنے والے ممالک اور اداروں کی اجارہ داری پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سمیت دیگر ترقی پذیر ممالک کی ابتر معاشی صورت حال کی ذمہ دار ایک ترقی یافتہ ملک کی مالیاتی پالیسیاں ہیں۔

ان کا خیالات کا اظہار چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤننگ نے عالمی خبر رساں ادارے بلوم برگ کے پوچھے گئے سوال کے جواب میں کیا۔ ان سے پاکستان کے قرضے معاف کرنے کے حوالے سے پوچھا گیا تھا۔

خیال رہے کہ موڈیز اور فچ کے مطابق پاکستان پر جون تک 7 بلین ڈالر کا قرض واجب الادا ہے جس میں چین کا قرضہ بھی شامل ہے۔

چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤننگ نے جواب دیا کہ چین، پاکستان کی اقتصادی اور مالی تعاون کرتا رہا ہے اور آئندہ بھی اقتصادی استحکام برقرار رکھنے، زندگیوں کو بہتر بنانے اور ترقی کے حصول کے لیے پاکستان کی کوششوں کی حمایت کرتا رہے گا۔

ترجمان ماؤننگ نے امریکا کا نام لیے بغیر کہا کہ لیکن یہ بتانا ضروری ہے کہ ایک مخصوص ترقی یافتہ ملک کی بنیاد پرست مالیاتی پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان اور بہت سے دوسرے ترقی پذیر ممالک قرضوں میں پھنس کر بے پناہ مالی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔

ترجمان ماؤننگ نے مزید کہا کہ چین اور پاکستان نے ہر مشکل وقت میں ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ چین پاکستان کے معاشی اور سماجی استحکام کی کوششوں میں تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے تمام فریقین سے مشترکہ کوششوں پر زور دیتا ہے۔

چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک کے قرضوں کا بڑا حصہ مغربی ممالک کے زیر دست تجارتی قرض دہندگان اور کثیر جہتی مالیاتی اداروں کا ہے جو ان بڑے ممالک کے اشاروں پر چلتے ہیں۔

ترجمان وزارت خارجہ ماؤننگ نے مطالبہ کیا کہ پاکستان کی معاشی صورت حال کو مد نظر رکھتے ہوئے قرض دینے والے مالیاتی ادارے اور ممالک مدد کے لیے آگے بڑھیں۔

 

 

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں