اپنی گندگی ہمارے سر نہ ڈالو مریم نواز اور اسحاق ڈار کی عمران خان پر تنقید
مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے سابق وزیراعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ تمہاری بے رحم لوٹ مار، نااہلی، غلط ترجیحات، IMF کے ساتھ ظالمانہ ڈیل اور اس کی خلاف ورزی نے اس ملک کو معاشی بدحالی کی راہ پر ڈال دیا۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ڈھٹائی دیکھو! وہ لوگ جو تمہاری اس گندگی کو ختم کر رہے ہیں تم اپنا گند انکے سر ڈال رہے ہو، چپ کر کے بیٹھ جاؤ۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ اس تباہی کے لیے ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرنا نہ بھولنا جو تمہیں چار سال تک پالتے رہے اور عدلیہ میں انکی باقیات کا بھی جن پر تم اب بھروسہ کررہے ہو۔ انشاء اللّہ ہم ایسا ہونے نہیں دیں گے۔
معاشی تباہی کا ذمہ دار صرف اور صرف عمران خان ہے، وزیر خزانہ اسحاق ڈار
دریں اثنا سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سابق وزیر اعظم عمران خان کے ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ معاشی تباہی کا ذمہ دار صرف اور صرف عمران خان ہے، عمران خان نے پاکستان کو معاشی تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا تھا۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ اللہ سبحان تعالیٰ نے پاکستان کی جان تم سے چھڑوا دی، تمہاری کی ہوئی تباہی کو ہم ٹھیک کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں، معیشت کیلئے قوم کو جلد اچھی خبریں ملیں گی۔
عمران خان اس معاشی تباہی کے ذمہ دار صرف اور صرف تم ہو۔
تم نے تو پاکستان کو معاشی تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا تھا لیکن اللہ سبحان تعالی نے پاکستان کی جان تم سے چھڑوا دی۔ تمہاری کی ہوئی تباہی کو ہم ٹھیک کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔ قوم کو جلد اچھی خبریں ملیں گی، انشاءاللہ https://t.co/J7V5IMkK0a
واضح رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اپنے ایک بیان میں حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ PDM نے 11 ماہ میں روپے کو عملاً ذبح کردیا ہے۔ اس سے قرضوں میں 14.3 کھرب کا اضافہ، مہنگائی (31.5%) 75سال کی بلندترین سطح تک جاپہنچی ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف کا مزید کہنا تھا کہ قوم حکومت تبدیلی کی سازش کی بھاری قیمت ادا کررہی ہے جس کے ذریعے سابق COAS نے مجرم قوم پر مسلط کئے۔