کراچی فائرنگ کے واقعات متحدہ کے کارکن سمیت مزید 8 افراد قتل

گلستان جوہر، مارٹن کوارٹرز، عائشہ منزل، ناگن چورنگی، قائد آباد، کٹی پہاڑی پر فائرنگ

قائد آباد پل کے نیچے عوامی مارکیٹ میں نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے 36سالہ اکبر حسین کو قتل کردیا۔ فوٹو: فائل

لاہور:
شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور تشدد کے واقعات میں ایم کیوایم کے کارکن سمیت 8افراد ہلاک ہوگئے۔

گلستان جوہر کے علاقے جوہر موڑ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 35 سالہ عرفان ہلاک ہوگیا، ایس ایچ او شارع فیصل اسلم پرویز کے مطابق مقتول متحدہ قومی موومنٹ کا کارکن تھا اور وقوعہ کے وقت اپنی کار میں جارہا تھا کہ موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا، مقتول نعمان ایونیو کا رہائشی تھا۔ بلال کالونی کے علاقے نیو کراچی سیکٹر 5-M سحر سینٹر کے نیچے کامران برگر والے کے ٹھیلے پر نامعلوم موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں18سالہ راجو علی ہلاک ہوگیا، ایس ایچ او بلال کالونی ساجد جاوید نے بتایا کہ مقتول نیو کراچی سیکٹر 5-J کا رہائشی تھا اور برگر کے ٹھیلے پر ملازم تھا، واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی اور اطراف کی دکانیں اور دیگر کاروبار بند ہو گیا۔ اتحاد ٹائون کے علاقے بلدیہ نمبر 9 گلشن غازی پاور ہاؤس کے عقب میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے30سالہ دل خرم ہلاک ہوگیا۔

ایس ایچ او اتحاد ٹاؤن شہزاد الیاس نے بتایا کہ مقتول اتحاد ٹاؤن کا رہائشی اور 2 بچوں کا باپ تھا، مقتول علاقے میں دودھ سپلائی کا کام کرتا تھا، واردات کے وقت بھی وہ موٹر سائیکل پر دودھ سپلائی کے لیے نکلا تھا کہ ایک موٹر سائیکل پر سوار3ملزمان نے سینے میں گولی مار کر قتل کردیا، پولیس ذرائع کے مطابق گزشتہ کئی دنوں سے اتحاد ٹاؤن اور اس سے متصل علاقوں میں 3 کم عمر لڑکے ایک لال رنگ کی موٹر سائیکل پر گھوم رہے ہیں جو کہیں بھی کسی کو بلاوجہ فائرنگ کر کے قتل کر دیتے ہیں، تینوں لڑکے پولیس کے لیے چھلاوا بنے ہوئے ہیں، بلدیہ ٹاؤن، اتحاد ٹاؤن سعید آباد اور مدینہ کالونی پولیس مذکورہ تینوں ملزمان کی گرفتاری کے لیے ریکی کرا رہی ہے تاہم اب تک ملزمان کو پکڑنے میں کامیابی حاصل نہیں ہو سکی۔ واضح رہے اسی طرح کچھ عرصے قبل گلشن اقبال میں ایک کار سوار شخص رات کے وقت نکلتا تھا اور دکانوں پر کھڑے لوگوں پر فائرنگ کر دیتا تھا، ایس ایس پی ایسٹ پیر محمد شاہ نے ملزم کو پکڑنے کے بجائے رات12بجے دکانیں بند کرانا شروع کر دی تھیں تاہم عزیز بھٹی پولیس نے ملزم کو پکڑ لیا تھا۔


قائد آباد پل کے نیچے عوامی مارکیٹ میں نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے 36سالہ اکبر حسین کو قتل کردیا، پولیس کے مطابق مقتول مارکیٹ میں ایک دکان پر خریداری کررہا تھا کہ عقب سے آنے والے نامعلوم موٹرسائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کردی، پولیس کے مطابق مقتول داؤد چورنگی کا رہائشی تھا جبکہ اس کا آبائی تعلق پشاور سے تھا۔ پیرآباد کے علاقے قصبہ کالونی کٹی پہاڑی جمشید پمپ کے قریب موٹرسائیکل سوار ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 40سالہ نعیم خان جاں بحق ، شہاب اور نوریز شدید زخمی ہوگئے، پولیس کے مطابق مقتول اور زخمی ایک دوست کے گھر کے باہر بیٹھے تھے کہ رکشے والوں میں کسی بات پر جھگڑا ہوا اور پھر فائرنگ شروع ہو گئی، پولیس کے مطابق مقتول نعیم خان پیر آباد اسلامیہ کالونی نمبر ایک کا رہائشی تھا۔ سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا کے علاقے سپر ہائی وے ٹول پلازہ چوکی کے پرچی دینے والے45سالہ شیر محمد کی لاش ملی۔

تھانے کے ڈیوٹی افسر انار خان نے بتایا کہ ٹول پلازہ چوکی کے ملازمین نے بتایا کہ نامعلوم کار سوار افراد نے تلخ کلامی پر شیر محمد کو لاتوں، گھونسوں اور ڈنڈوں کے وار کرکے ہلاک کردیا اور فرار ہو گئے، پولیس کو ملازمین کے بیانات میں تضاد کے باعث شبہ ہے کہ ٹول پلازہ کے ملازمین بھی اس قتل میں ملوث ہوسکتے ہیں، پولیس کے مطابق مقتول ٹول پلازہ کے ملازمین کے کوارٹر کا رہائشی تھا اور آبائی تعلق مٹیاری سے بتایا جاتا ہے۔ جمشید کوارٹرز کے علاقے مارٹن کوارٹرز میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 24 سالہ فہیم سر پر گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگیا ، ایس ایچ او سہیل احمد کے مطابق زخمی وقوعہ کے وقت اپنے گھر کے باہر کھڑا تھا کہ نامعلوم افراد فائرنگ کرکے فرار ہوگئے ، زخمی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ عزیز آباد کے علاقے عائشہ منزل کے قریب جماعت خانے کے سامنے نامعلوم افراد کی فائرنگ سے موٹر سائیکلوں پر گزرنے والے 3 افراد 25 سالہ بلال ، 30 سالہ فیض رحمن اور 22 سالہ عاطف زخمی ہوگئے، تینوں کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال پہنچایا گیا۔

پولیس کے مطابق فیض رحمن کی حالت تشویشناک ہے۔ نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ناگن چورنگی پر 25 سالہ شمعون ہلاک جبکہ قائد آباد میں 24 سالہ یوسف زخمی ہوگیا۔ پیرآباد کے علاقے بنارس پل اور چاٹی ہوٹل کے قریب فائرنگ کے 2 واقعات میں 2 افراد 35سالہ امین اور محمد دین زخمی ہوگئے۔گلستان جوہر میں آرکٹیکٹ سوسائٹی میں گھر کے اندر جھگڑے کے دوران ملزمان نے تیز دھار آلے کے وار کرکے 25 سالہ شاہ فہد کوقتلکردیا اور فرار ہوگئے، ایس ایچ او گلستان جوہر عبدالنبی کھوکھر کے مطابق مقتول کاروباری شخصیت ہے اور اسے اس کے دوستوں شہروز اور دیگر نے کسی معاملے کے تصفیے کے لیے بلایا تھا، اسی دوران ان کے درمیان تلخ کلامی ہوگئی اور ملزمان تیز دھار آلے کے وار سے قتل کرکے فرار ہوگئے، مقتول شاہ فہد گلشن اقبال بلاک 7 کا رہائشی تھا۔ نامعلوم افراد کی فائرنگ سے بلدیہ ٹائون کے علاقے اتحاد ٹائون میں 30 سالہ شکیل، نیو سبزی منڈی کے قریب 40 سالہ پرویز زخمی ہوگیا۔دریں اثنا بلدیہ ٹائون کے علاقے تین نمبر میں گھر کے اندر سے رات گئے لاش ملی۔ مرنے والے کی عمر تقریباً 30 برس معلوم ہوتی ہے اور لاش کئی روز پرانی ہے ۔
Load Next Story