بسنت پرغیرمعمولی ہوائی فائرنگ تحقیقات کیلیے 5 رکنی جے آئی ٹی تشکیل

ٹیم میں ڈی آئی جی، آئی ایس آئی سے ایک افسر اور انٹیلجنس بیورو کے افسران شامل ہوں گے


ویب ڈیسک March 03, 2023
—فائل فوٹو

راولپنڈی میں بسنت کے موقع پر غیرمعمولی ہوائی فائرنگ کے باعث نور خان ائیربیس پر فلائٹ آپریشن معطلی سمیت دیگر اہم واقعات پر اعلی سطح تحقیقات کے لیے پولیس اور انٹیلی جنس اداروں کے افسران پر مشتمل 5 رکنی جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم تشکیل دے دی گئی۔

راولپنڈی میں 24 فروری کو بسنت کے موقع پر شدید ہوائی فائرنگ و پتنگ بازی کا سلسلہ جاری رہا جس کے باعث نور خان ائیربیس پر نہ صرف معمول کا فلائٹ آپریشن کہیں گھنٹے معطل رہا بلکہ وزیراعظم شہباز شریف کا قافلہ ساڑےتین گھنٹے کی تاخیر کا شکار ہوا۔

اس دوران نور خان ائیربیس پر وزیر اعظم کے قافلے میں شامل سیکورٹی گاڑی کی چھت میں بھی اندھی گولی آکر لگی جس کا وزیر اعظم سیکرٹریٹ کی سطح پر سخت نوٹس لیا گیا۔

علاوہ ازیں تھانہ ائیرپورٹ میں نور خان ائیربیس کے چیف پروٹوکول آفیسر کی مدعیت میں نامعلوم ملزنان کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 7 اے ٹی اے، کائٹ فلائنگ ایکٹ اور املاک کو نقصان پہنچانے کے جرم میں مقدمہ درج کیا گیا۔

دوسری جانب محکمہ داخلہ پنجاب نے مقدمے کی تفتیش کے لیے ایڈیشنل آئی جی، اسپیشل برانچ پنجاب ذوالفقار حمید کی سربراہی میں 5 رکنی جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم تشکیل دے دی۔

ٹیم میں ڈی آئی جی انڑنل اکاونٹیبلیٹی برانچ پنجاب آمین بخاری، آئی ایس آئی سے ایک افسر اور انٹیلی جنس بیورو سے افسران شامل ہوں گے جبکہ ٹیم کے کنوئیر کو کسی بھی سرکاری ادارے کے افسر کو شامل کرنے کا اختیار بھی ہوگا۔

یاد رہے کہ راولپنڈی میں بسنت پر ہوائی فائرنگ، پتنگ بازی کے باعث دو بچوں سمیت 3 افراد جاں بحق اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔ پنجاب حکومت کے نوٹس لینے پر دو ڈی ایس پی اور 3 تھانوں کے ایس ایچ اوز کو معطل بھی کردیا گیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں