وزیر خزانہ کا مشکل معاشی صورتحال کے باوجود حجاج کے لیے زرمبادلہ کے انتظام کا عندیہ

موجودہ ڈالر کے ریٹ کے حساب سے حج اخراجات کا تخمینہ 11 سے 12 لاکھ روپے کے درمیان ہے


ویب ڈیسک March 04, 2023
(فوٹو : فائل)

حکومت نے اسپانسر شپ حج اسکیم کا کوٹا 50 فیصد مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ بقیہ 50 فیصد کوٹا سرکاری اور نجی حج اسکیم کے لیے مختص کیا جائے گا جب کہ سرکاری حج اسکیم کی درخواست وصولی 13 مارچ سے شروع ہونے کا امکان ہے۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے ملاقات کی جس میں حج پالیسی، اسپانسر شپ اسکیم، سعودیہ میں رقوم کی ادائیگی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ نے مشکل معاشی صورتحال کے باوجود حجاج کے لیے زرمبادلہ کے انتظام کا عندیہ دے دیا اور کہا ہے کہ اللہ کے مہمانوں کی آسانی اور سہولت کے لیے حکومت ہر ممکن اقدام کرے گی۔


ذرائع کے مطابق موجودہ ڈالر کے ریٹ کے حساب سے حج اخراجات کا تخمینہ 11 سے 12 لاکھ روپے کے درمیان ہے، اگلے ہفتے کابینہ سے منظوری ملتے ہی وزیر مذہبی امور حج درخواستوں کی وصولی کا باضابطہ اعلان کریں گے، سرکاری حج اسکیم کی درخواست کی وصولی 13 مارچ سے شروع کرنے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں : قومی ایئرلائن نے حج 2023 کیلئے کرایوں کا اعلان کردیا

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے اسپانسر شپ حج اسکیم کا کوٹا 50 فیصد مقرر کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے دیگر 50 فیصد حج کوٹا سرکاری اور نجی حج اسکیم کے لیے مختص کیا جانے کا اصولی فیصلہ ہے۔

حج اسپانسر شپ اسکیم صرف بیرون ملک مقیم پاکستانیوں یا ان کے عزیز و اقارب کے لیے ہے۔ بیرون ملک سے مخصوص اکاؤنٹ میں غیر ملکی زرمبادلہ بھجوانے والے پاکستانی اس اسکیم سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ اسپانسر شپ اسکیم میں شمولیت کے لیے پاکستانی پاسپورٹ لازم ہو گا جب کہ ریگولر حج اسکیم کے تحت پاکستانی نامزد بینکوں میں حسب سابق حج درخواستیں جمع ہوں گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں