رانا ثناء اللہ نے ناقابل ضمانت وارنٹ کو لاہورہائیکورٹ میں چیلنج کردیا

جج رانا زاہد کا بھائی میرے مدمقابل الیکشن لڑ چکا ہے، وارنٹ گرفتاری کالعدم کیے جائیں، وفاقی وزیر داخلہ


Staff Reporter March 04, 2023
فوٹو : رانا ثناء اللہ خان/فیس بک

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا اقدام لاہورہائیکورٹ میں چیلنج کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق رانا ثناء اللہ نے گجرات کی عدالت کی جانب سے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا ہے جس میں انہوں نے موقف اپنایا ہے کہ عدالت نے حقائق کے برعکس وارنٹ جاری کیے ہیں۔

رانا ثناء اللہ نے اپنی درخواست میں مزید کہا کہ دہشتگردی عدالت کے جج رانا زاہد کا بھائی میرے مدمقابل انتخاب لڑ چکا ہے، عدالت وارنٹ گرفتاری کو کالعدم قرار دے۔

لاہور ہائیکورٹ نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کی درخواست سماعت کے لئے مقرر کردی ہے، جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ پیر کو سماعت کرے گا۔

واضح رہے کہ جمعہ 24 فروری کو گجرات میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے، رانا ثنااللہ کے خلاف مسلم لیگ (ق) کے رہنما شہکاز اسلم کی مدعیت میں اداروں کو دھمکانے اور چیف سیکریٹری کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے پر مقدمہ درج ہوا تھا۔

گجرات پولیس نے مقدمے کی تفتیش مکمل کر کے اخراج مقدمہ رپورٹ عدالت میں پیش کی تھی تاہم جج رانا زاہد اقبال نے پولیس کی اخراج مقدمہ رپورٹ مسترد کرتے ہوئے ایس پی انوسٹی گیشن، ڈی ایس پی اور تفتیشی افسر کو شو کاز نوٹس جاری کر دیے۔

عدالت نے مقدمے کی اگلی سماعت میں پولیس افسران کو بھی عدالت طلب کر لیا اور مقدمے کی سماعت 7 مارچ تک ملتوی کردی تھی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔