دوحا وزیراعظم کی امیر قطر سے ملاقات دو طرفہ تعاون بڑھانے پر بات چیت

وزیراعظم 6 مارچ کو اقوام متحدہ کی کانفرنس کے اجلاس سے خطاب کریں گے


ویب ڈیسک March 05, 2023
فوٹو: ٹوئٹر

اقوام متحدہ کی کانفرنس میں شرکت کے لیے وزیر اعظم شہباز شریف دو روزہ دورے پر قطر پہنچ گئے جہاں انکی دوحا میں امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات ہوئی ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف امیر قطر کی دعوت پر اقوام متحدہ کے زیراہتمام کم ترقی یافتہ ممالک کی کانفرنس کے پانچویں اجلاس میں شرکت کے لئے قطر پہنچے ہیں۔

وزیراعظم شہبازشریف اور شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے دوطرفہ باہمی مفاد کے وسیع تر امور پر تبادلہ خیال کیا، پاکستان اور قطر کے درمیان معاشی و سرمایہ کاری سمیت دیگر شعبوں میں پہلے سے استوار بہترین تعاون کو مزید بڑھانے کے طریقوں پر بات چیت کی۔

امیر قطر نے قطر کی ترقی میں پاکستانی محنت کشوں کی کاوشوں کو سراہا اور خاص طور پر قطر کی میزبانی میں فیفا ورلڈ کپ 2022 کے کامیاب انعقاد کے موقع پر پاکستانی سیکیورٹی حکام کی شاندار کارکردگی کو سراہا۔

ملاقات میں وزیراعظم شہبازشریف نے پاکستان کی ترقی کے منصوبوں میں قطر کی مسلسل حمایت کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع کو اجاگر کیا۔ قطر کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے، سرمایہ کاری، تجارت اور پاکستان سے ہنرمند افراد کی قطر برآمد کو بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔

امیر قطر نے وزیراعظم شہبازشریف کو قطر آمد پر خوش آمدید کہا۔ انہوں نے پاکستان اور قطر کے درمیان معاشی تعاون بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان کی ترقی کے ایجنڈے میں قطر کی طرف سے بھرپور تعاون کے پختہ عزم اور حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے امیر قطر کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کرلیا۔ ترقی کرتے ممالک کی کانفرنس کا یہ پانچواں اجلاس ہے جو 5 مارچ سے قطر کے دارالحکومت دوحا میں شروع ہوگا۔

امیر قطر کانفرنس میں شریک سربراہان مملکت اور وزراء اعظم کے اعزاز میں استقبالیہ دیں گے، جس میں وزیراعظم شہباز شریف ھی امیر قطر کے استقبالیہ میں شرکت کریں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف 6 مارچ کو کانفرنس کے اجلاس سے خطاب کریں گے۔

پانچ سے 9 مارچ 2023 تک منعقد ہونے والی اس کانفرنس میں ترقی پذیر ممالک میں پائیدار ترقی کو تیز کرنے کے اقدامات پر غور کیا جائے گا، جس سے ان ممالک کو خوشحالی کی راہ پر آگے بڑھنے میں مدد ملے گی۔

کانفرنس میں قائدین ایل ڈی سی کے حق میں اضافی بین الاقوامی امدادی اقدامات اور کارروائی کو متحرک کریں گے اور ایل ڈی سی ایس اور ان کے ترقیاتی شراکت داروں کے درمیان نئی شراکت داری پر اتفاق کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں