کراچی بلدیاتی انتخابات پی پی کو جماعت اسلامی پر 2 نشستوں کی برتری

الیکشن کمیشن نے 215 بلدیاتی نشستوں پر امیدواروں کی کامیابی کے نوٹیفیکیشن جاری کر دیے


ویب ڈیسک March 05, 2023
فوٹو فائل

پیپلزپارٹی اور جماعت اسلامی کے درمیان میئر کراچی کے لیے مقابلہ دلچسپ ہوگیا، الیکشن کمیشن کے نوٹیفیکیشن کے اجرا کے بعد پیپلزپارٹی کو جماعت اسلامی پر 2 نشستوں کی برتری حاصل ہوگئی۔

کراچی کی 246 میں سے 235 نشستوں پر الیکشن ہوئے جس میں سے الیکشن کمیشن نے 215 بلدیاتی نشستوں پر امیدواروں کی کامیابی کے نوٹیفیکیشن جاری کر دیے ہیں جبکہ الیکشن کمیشن نے کراچی کی 20 نشستوں کے نتائج مختلف وجوہات کی بنا پر جاری نہیں کیے۔

بلدیاتی عظمیٰ کراچی کے ایوان میں پیپلز پارٹی کی نشستوں کی تعداد 84 اور جماعت اسلامی کی 82 ہوگئی جبکہ پی ٹی آئی کی 40 نشستیں ہیں، مسلم لیگ (ن) 5، جے یو آئی 3 اور 1 آزاد امیدوار رکن بن گئے۔ 20 سیٹوں کے نتائج روک لیے گئے، 11 نشستوں پر امیدواروں کے انتقال کے باعث الیکشن نہیں ہوئے۔

اس طرح میئر کراچی کے تاج کے لیے کسی پارٹی کو واضح اکثریت نہیں مل سکی۔ اب میئر کی کرسی کے لیے گھمسان کا رن پڑے گا اور جوڑ توڑ کی سیاست ہوگی۔

حیدرآباد کی یونین کمیٹیز کی نشستوں پر الیکشن کمیشن نے نوٹیفیکیشن جاری کر دیا جس کے تحت حیدرآباد میں پہلی مرتبہ میئر پیپلزپارٹی کا آئے گا۔

پیپلزپارٹی 92 نشستوں کے ساتھ حیدرآباد میں سب سے بڑی پارٹی بن گئی۔ حیدرآباد میونسپل کارپوریشن میں 160نشستیں ہیں جن میں پی ٹی آئی 39نشستوں پر کامیاب ہوئی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق تحریک لبیک نے دو نشستوں پر کامیابی حاصل کی جبکہ 13نشستوں پر آزاد امیدوار کامیاب ہوئے

ضلع کونسل ٹھٹھہ کی 37نشستوں پر پیپلزپارٹی اور تین پر آزاد امیدوار کامیاب ہوئے جبکہ کسی نشست پر دیگر جماعتوں کا امیدوار کامیاب نہ ہوسکا۔

میونسپل کمیٹی ٹھٹھہ کی تمام 9 نشستوں پر پیپلزپارٹی امیدوار کامیاب ہوئے۔ ٹاون کمیٹی مکلی کی 7، ٹاون کمیٹی گھارو کی 8 اور ٹاون کمیٹی ساکرو کی 3 نشستوں پر پیپلزپارٹی امیدوار کامیاب ہوئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں