کراچی مبینہ پولیس مقابلوں کے بعد 5 زخمی سمیت 6 ڈاکو گرفتار

کلاکوٹ سے گرفتار ملزم عبد الرحیم لیاری گینگ وار کے سربراہ عزیر بلوچ کا اہم کمانڈر ہے


Staff Reporter March 06, 2023
فوٹو : ایکسپریس نیوز

کلاکوٹ، بغدادی اور عزیز بھٹی پولیس نے مبینہ مقابلوں کے بعد 5 زخمی سمیت 6 ڈاکوؤں کو گرفتار کر کے ملزمان سے اسلحہ، مسروقہ موٹر سائیکل سمیت دیگر سامان برآمد کر لیا جبکہ گرفتار ملزمان کے 2 ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق کلاکوٹ پولیس نے ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب تقریبا پونے دو بجے فیکٹری ایریا سے مبینہ مقابلے کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، زخمی حالت میں گرفتار ملزم کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ملزم کی شناخت 53 سالہ عبد الرحیم بلوچ عرف پی آئی اے ولد خان محمد بلوچ کے نام سے کی گئی، گرفتار ملزم سے ایک پستول بمعہ ایمونیشن، موبائل فونز، نقدی اور ایک چوری شدہ موٹرسائیکل برآمد کرلی، گرفتار ملزم لیاری گینگ وار کے سرغنہ عزیر بلوچ گروپ کا اہم کمانڈر ہے۔ گرفتار ملزم نے کچھ عرصہ قبل پولیس پارٹی پر حملہ کر کے پولیس افسر کو زخمی بھی کیا تھا۔

بغدادی پولیس نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب تقریباً پونے 3 بجے لیاری پھول پتی لائن دبئی چوک گدھا گاڑی اسٹاپ کے قریب سے مبینہ مقابلے کے بعد 2 زخمی سمیت 3 ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا، زخمی ملزمان کو پولیس کی حراست میں چھیپا ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال جبکہ تیسرے ملزم کو بغدادی تھانے منتقل کیا گیا۔

زخمی حالت میں گرفتار ملزمان کی شناخت 19 سالہ حسنین بلوچ ولد شیر محمد بلوچ اور 22 سالہ محمد مزمل بلوچ ولد محمد قاسم بلوچ کے نام سے کی گئی جبکہ تیسرے ملزم کی شناخت 20 سالہ واصف ولد غلام مصطفیٰ کے نام سے کی گئی، گرفتار ملزمان کے 3 ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پولیس پر فائرنگ کرتے ہوئے تنگ گلیوں میں فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، گرفتار ملزمان سے 3 پستول بمعہ ایمونیشن، موبائل فونز، نقدی اور دیگر مسروقہ سامان برآمد کر لیا۔

گرفتار ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کیا گیا ہے، ملزمان نے گزشتہ ہفتے چاکیواڑہ تھانے کی حدود کے ایم سی اسکول کے قریب پرچون کی دکان پر اسلحہ کے زور پر ڈکیتی کی وادات کی تھی جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج ایکسپریس نیوز پر دکھائی گئی تھی۔

فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ موٹرسائیکل سوار دو ملزمان جو چہرے پر ماسک لگائے ہوئے تھے اور انہوں نے دکاندار کو اسلحہ دکھا کر رقم چھین لی تھی اور اس خاموشی سے فرار ہوئے کہ برابر والی دکان پر کھڑے گاہکوں کو بھی علم نہیں ہوا، گرفتار ملزمان ڈسٹرکٹ ویسٹ اور سٹی ڈسٹرکٹ کے مختلف علاقوں میں متعدد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے، ملزمان کا سابقہ کریمنل ریکارڈ معلوم کیا جا رہا ہے جبکہ فرار ہونے والے ملزم کی تلاش جاری ہے۔

عزیز بھٹی پولیس نے ڈالمیا سیمنٹ فیکٹری کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، زخمی ملزم کو پولیس کی حراست میں ایدھی ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار مزم کی شناخت 25 سالہ محیت خان ولد محمد اقبال کے نام سے کی گئی، ملزم سے ایک پستول بمعہ ایمونیشن، موبائل فون اور نقدی برآمد کی گئی۔ گرفتار ملزم کا ایک ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں