شروتی ہاسن ’’بچھڑے سبھی باری باری‘‘ میں دہرے کردار میں نظر آئیں گی

فلم کی ہدایات تیگما نشودھولیا دیں گے ، اداکارہ جوان لڑکی سے بوڑھی خاتون کا کردار نبھائیں گی


Cultural Reporter April 14, 2014
بالی ووڈ پہلی منزل ہے، تیلگواور تامل فلموں میں مجھے ملنے والا رسپانس نظر انداز نہیں کیا جاسکتا،شروتی ہاسن۔ فوٹو: فائل

بالی ووڈ اداکارہ شروتی حسن فلم ''بچھڑے سبھی باری باری'' میں ینگ ٹو اولڈ کردار نبھائیں گی جس کے ڈائریکٹر تیگما نشو دھولیا ہے جنہوں نے دیگر کاسٹ میں امیت سدھو، ودیوت جاموال، عرفان خان اور منوج باجپائی کو فائنل کیا ہے۔

شروتی حسن جو ماضی کی معروف اداکارہ ساریکا اور کمل حسن کی صاحبزادی ہیں، نے فلمی کیریئر کا آغاز فلم ''لک'' سے کیا جس میں ان کے مقابل عمران خان ہیرو تھے۔ سسپنس، ایکشن اور رومانس سے بھرپور فلم میں اس کی پرفارمنس کو پسند کیا گیا مگر بالی ووڈ کے پروڈیوسر اور ڈائریکٹرزکی اولین ترجیح نہ بن سکی۔ اداکارہ نے بالی ووڈ کے لوگوں کا رویہ دیکھتے ہوئے تامل اور تیلگو فلم انڈسٹری کا رخ کرلیا، جہاں اسے اچھے پراجیکٹ مل گئے۔ سال 2011ء میں فلم ''دل تو بچہ ہے '' اجے دیوگن کے مقابل ہیروئن کا کردار نبھایا، پچھلے سال ''رمیا وستہ ویا'' ریلیز ہوئی جس میں پربھو دیوا نے نئے اداکار گریش کمار کے مقابل ہیروئن لیا مگر لواسٹوری پر مبنی یہ فلم فلم بینوں کو متوجہ نہ کرسکی۔

شروتی حسن اداکاری کے ساتھ گلوکارہ اور کمپوزر بھی ہے اور گائیکی کا یہ شوق اپنے والد کمل حسن کی متعدد تامل اورہندی فلموں میں پلے بیک سنگنگ کرکے کرتی رہیں۔ سال رواں ان دنوں دو فلموں ''گھبر'' اور '' ویلکم بیک '' کی عکسبندی میں مصروف ہیںجن میں وہ اکشے کمار اور جان ابراہیم کے مقابل ہیروئن کے کردار نبھا رہی ہیں۔ ''گھبر'' میں پہلے شردھا کپور کو سائن کرنے کا فیصلہ کیا گیاتھا مگر شردھا کپور کے انکار کے بعد یہ قرعہ شروتی حسن کے نام نکل آیا۔شروتی حسن نے بالی وڈ والوں کی توجہ حاصل کرنے کے لیے ارجن رام پال کے ساتھ فلم ''ڈی ڈے'' میں بولڈ مناظر بھی عکسبند کروائے۔ شروتی حسن کا کہنا ہے کہ بالی وڈ میں میری پہلی منزل ہے مگر تیلگو اور تامل میں جس طرح مجھے رسپانس مل رہا ہے اسے نظر انداز بھی نہیں کیا جاسکتا ، جہاں پر میرے پاس بڑے بنیرز کی اچھی آفرز ہیں۔ فلم ''لک'' کے بعد بالی وڈ کے رویے سے دلبرداشتہ نہیں ہوئی بلکہ پہلے سے زیادہ محنت کرنے لگی۔

تیلگو اور تامل فلم انڈسٹری والوں نے مجھے میرے والد کمل حسن کی وجہ سے نہیں بلکہ میرے کام کو دیکھتے ہوئے پراجیکٹ دیے ہیں جب کہ میرے والد کمل حسن نے بھی کسی پروڈیوسر اور ڈائریکٹر سے میری کوئی سفارش نہیں کی۔ تیگونشودھالیا کی فلم ''بچھڑے سبھی باری باری'' کے حوالے سے اداکارہ نے کہا کہ اس میں اپنے کردار کو لے کر کافی پرجوش ہوں کیونکہ جوانی اور بڑھاپے کے دوہرے کردار میں جلوہ گر ہونگی ،یہ دو کردار نبھانا ان کے لیے کسی چیلنج سے کم نہیں مگر وہ یہ کردار ادا کرنے کے لیے بے حد محنت کرینگی تاکہ مداحوں کے دل جیت سکیں ۔ فلم جلد ہی بڑی اسکرین کی زینت بنے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں