سندھ پولیس کا کوئیک رسپانس کاؤنٹر ٹیررازم یونٹ تیار کرنے کا فیصلہ

100 اہل کاروں کو 4 مراحل میں پاک بحریہ کے کمانڈوز سے تربیت دلوائی جائے گی


طحہ عبیدی March 06, 2023
کراچی پولیس آفس پر حملے کے بعد اعلیٰ اجلاس میں خصوصی یونٹ تیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا (فوٹو فائل)

پولیس آفس پر حملے کے بعد سندھ پولیس نے کوئیک رِسپانس کاؤنٹر ٹیررازم یونٹ تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے 100 اہل کاروں کو پاک بحریہ سے کمانڈو ٹریننگ دلوائی جائے گی۔

سندھ پولیس کے جوانوں کو دہشت گردوں سے مقابلہ کرنے،شہریوں کو اغواکاروں کے چنگل سے چھڑانے کے علاوہ پیشہ ورانہ مہارتوں سے آراستہ کیا جائے گا۔

کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ ذرائع کے مطابق کراچی پولیس آفس پر حملے کے بعد ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی عمران یعقوب منہاس کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا، جس میں ڈی آئی جی سی ٹی ڈی ذوالفقار لاڑک اور ایس ایس پی سی ٹی ڈی طارق نواز سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔۔

اہم اجلاس میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ کے نوجوانوں کو پاک بحریہ سے کمانڈو ٹریننگ دلوانے کے فیصلے کے تحت 25 اہل کاروں پر مشتمل بیج اس ماہ سے تربیت کا آغاز کرے گا۔ذرائع سی ٹی ڈی کے مطابق کراچی پولیس آفس پر حملے کے بعد دہشت گردوں کا بہتر انداز میں مقابلہ کرنے کی کمی کو محسوس کیا گیا جس کے پیش نظر افسران نے سی ٹی ڈی جوانوں کی کمانڈو ٹریننگ کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق جوانوں کی تربیت کے حوالے سے پاک بحریہ کے اعلیٰ افسران سے بھی رابطہ کرلیا گیا ہے۔ پاک بحریہ کا اسپیشل سروس گروپ 4 مراحل میں 100 اہل کاروں کو تربیت دے گا جب کہ دہشت گردی کے کسی بھی واقعے میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ کا کمانڈو گروپ پہلا کوئیک رسپانس یونٹ ہوگا ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں