سیاسی لوگوں سے بات ہوسکتی ہے مگر عمران خان سے نہیں آصف زرداری

جس طرح پوری قوم کو ٹھیک کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اسی طرح عدلیہ کو درست کرنے کی کوشش کی جائے گی


ویب ڈیسک March 06, 2023
(فوٹو : فائل)

پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان مزید رہ جاتا تو مزید ادارے بیچ دیتا، سیاسی لوگوں سے بات ہوسکتی ہے مگر عمران خان سے نہیں کیوں کہ وہ خود کہتا ہے کہ یوٹرن غلط نہیں۔

وہاڑی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں ںے کہا کہ ہمیں معلوم تھا کہ معیشت تباہ ہونے والی ہے لیکن جو حکومت سے چلا گیا اسے نہیں معلوم تھا ملک تباہ ہورہا ہے، ہمارے لیے بہت آسان تھا کہ مزید انتظار کرتے اور الیکشن کرالیتے مگر ایسا نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کچھ کام ایسے کردیے تھے کہ انہیں روکنا تھا اگر نہ روکا جاتا تو وہ مزید ادارے بیچ دیتا کیوں کہ اس کی عادت ہے، یہ ہماری دھرتی ہے جو ہم اسے نہ کسی کو دے سکتے ہیں اور نہ بیچ سکتے ہیں۔

بلاول کے وزارتیں چھوڑنے کے بیان پر آصف زرداری نے کہا کہ بلاول جوان آدمی ہے اسے غصہ بہت جلدی آجاتا ہے، میں 67 سال کا ہوں غصہ پینے کا عادی ہوں، وہ آکسفورڈ سے پڑھ کر آیا ہے وہ کہتا ہے مجھے آپ لوگوں نے وعدہ کیا تھا پورا کیوں نہیں کی۔

آصف زرداری نے کہا کہ سیاسی لوگوں سے بات ہوسکتی ہے لیکن غیر جمہوری جماعتوں سے بات چیت نہیں ہوسکتی، عمران خان خود کہتا ہے کہ میں یوٹرن کرتا ہوں یہ میری خصلت ہے حالاں کہ سیاست میں ہے کہ ایک بار زبان دے دی تو یوٹرن کیسا؟ مگر یہ کہتا ہے کہ یوٹرن درست ہے۔

انہوں ںے کہا کہ عمران خان کہتا ہے کہ ہٹلر اور نپولین یوٹرن لیتے تو یوں ہوجاتا، جس نے صرف ہٹلر اور نپولین پر صرف ایک کتاب پڑھی ہوتی ہے وہ ایسی باتیں کرتا ہے جبکہ پوری جنگ کا جائزہ لیں تو ہٹلر اور نپولین کو موسم کے لحاظ سے ٹریپ کیا گیا ایسا نہیں ہے کہ وہ یوٹرن لیتا تو اسے چھوڑ دیتے۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ عمران خان کو گرفتار کرنا وزارت داخلہ کا اپنا معاملہ ہے میں اس میں دخل اندازی نہیں کرتا، وزارت داخلہ مجھ سے کیوں پوچھے گی؟ انہیں جو کرنا ہے وہ کرگزرے گی۔

انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹیل مردم شماری پر سندھ کو تحفظات ہیں، پی ڈی ایم کا موقف اپنا ہے ہمارا موقف اپنا، ہم ان سے ملتے ہیں بات کرتے ہیں، ان کے ساتھ چلتے ہیں، ہم پی ڈی ایم کا حصہ نہیں حکومت کا حصہ ہیں اسی لیے فاروق نائیک نے سپریم کورٹ میں درخواست دی کہ ہمیں بھی سنا جائے انتخابات والے معاملے میں۔

ایک سوال پر انہوں ںے کہا کہ سیاست میں انسان کو جفاکشی کرنی پڑتی ہے، جیل کاٹنی پڑتی ہے اور عمران خان اس کا عادی نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جس طرح پوری قوم کو ٹھیک کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اسی طرح عدلیہ کو درست کرنے کی کوشش کی جائے گی، راجن پور کا الیکشن پی ٹی آئی نے مقبولیت کی بنیاد پر نہیں جیتا بلکہ مہنگائی کے اثرات کی وجہ سے جیتا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں