نیب فواد حسن فواد اور اہل خانہ پر کرپشن کا کوئی ثبوت نہیں دے سکا احتساب عدالت کا تحریری فیصلہ

استغاثہ کے 19 گواہ فواد حسن فواد کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں سے متعلق کوئی شہادت نہیں دے سکے، احتساب عدالت


ویب ڈیسک March 06, 2023
استغاثہ کے 19 گواہ فواد حسن فواد کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں سے متعلق کوئی شہادت نہیں دے سکے، احتساب عدالت (فوٹو فائل)

احتساب عدالت نے فواد حسن فواد کو بری کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کردیا جس میں کہا گیا ہے کہ استغاثہ فواد حسن فواد کے خلاف جرم ثابت کرنے میں بری طرح ناکام ہوا، عدالت فواد حسن فواد، وقار حسین، رباب حسین اور انجم حسین کو باعزت بری کرتی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق تحریری فیصلے میں عدالت نے کہا کہ استغاثہ کے 19 گواہ فواد حسن فواد کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں سے متعلق کوئی شہادت نہیں دے سکے، نیب ایسی کوئی شہادت نہیں دے سکی جس سے فواد حسن فواد اور ان کے خاندان پر کرپشن کے ذریعے اثاثے بنانے کا الزام ثابت ہو، قومی احتساب کے قانون کے تحت سرکاری فنڈز کا عنصر شامل کیے بغیر کرپشن ثابت نہیں ہوتی۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اس کیس میں تمام ٹرانزیکشن نجی نوعیت کی ہیں جس میں سرکاری فنڈز شامل نہیں، ایسی کوئی شہادت میسر نہیں جس سے فواد حسن فواد کا کرپشن کے ذریعے آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا تعلق ثابت ہو، وہ اثاثے جنہیں بے نامی کہا گیا ان کا فواد حسن فواد سے کوئی تعلق نہیں۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ریکارڈ میں ایسا کچھ نہیں کہ فواد حسن فواد نے اثاثے کرپشن یا غلط طریقے سے بنائے، اس کیس کی تفتیش ٹھیک نہیں کی گئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں