طارق روڈ پر تاجر سے دن دیہاڑے 36 لاکھ سے زائد رقم لوٹ لی گئی
واردات طارق روڈ پر پیش آئی جہاں تاجر رقم بینک میں جمع کرانے جا رہا تھا
ڈسٹرکٹ ایسٹ میں ایک تاجر سے دن دیہاڑے 36 لاکھ سے زائد رقم لوٹ لی گئی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق واردات طارق روڈ پر پیش آئی جہاں تاجر رقم بینک میں جمع کرانے جا رہا تھا کہ موٹر سائیکل سوار 3 ملزمان اسلحے کے زور پررقم چھین کر فرار ہو گئے۔
اس حوالے سے متاثرہ تاجر محمد ولی نے بتایا کہ طارق روڈ دبئی مال میں اس کا کپڑے کا کاروبار ہے اور وہ دوپہر 12 بج کر20 منٹ میں دبئی مال سے طارق روڈ پر واقع نجی بینک میں رقم جمع کرانے پیدل جا رہا تھا اور جیسے ہی وہ مدینہ مسجد اور ڈالمین سینٹر کے قریب پہنچا تو موٹر سائیکل پر سوار 3 مسلح ملزمان آگئے اور انھوں نے اسلحے کے زور پر رقم چھینی اور فرارہونے میں کامیاب ہو گئے۔
تاجر نے بتایا کہ واردات میں ملوث ملزمان میں سے ایک نے ہیلمنٹ پہنچا ہوا تھا جبکہ دو ملزمان نے چہرے واضح تھے اور اسلحہ ایک ملزم کے ہاتھ میں تھا۔
محمد ولی نے بتایا کہ پولیس نے اس کا بیان قلبند کرلیا ہے لیکن پولیس کا ریسپانس ایسا نہیں دیکھا کہ وہ ملزمان کے پیچھے جائیں اور انہیں پکڑے۔
چند روز قبل بھی ڈسٹرکٹ ایسٹ میں ایک بلڈر راحیل سے 5 کروڑ 94 لاکھ روپے لوٹ کئے گئے تھے تاہم تفتیشی پولیس نےواردات میں ملوث بلڈر کے ڈرائیور سمیت 3 ملزمان کو گرفتارکرکے لوٹی گئی رقم میں سے نصف رقم برآمد کرنے کا دعویٰ کیا تھا جبکہ 3 ملزمان تاحال فرار ہے اور لوٹی گئی نصف رقم بھی برآمد نہیں کرائی جا سکی۔
علاوہ ازیں منگھوپیر تھانے کے علاقے نیا ناظم آباد کے قریب ڈکیتی کی واردات کے دوران مسلح ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک شہری زخمی ہوگیا جبکہ شہری کے پاس 24لاکھ روپے موجود تھے جو لٹنے سے بچ گئے اور مسلح ملزمان رقم لوٹے بغیر موقع پر سے فرار ہو گئے۔
زخمی شہری کو فوری طورپرعباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی شناخت 43 سالہ سرزمین خان ولد بہادر خان کے نام سے کی گئی، زخمی شہری پیرآباد تھانے کی حدود میانوالی کالونی کا رہائشی ہے۔
اس حوالے سے منگھوپیر پولیس نے بتایا کہ زخمی شہری سرزمین خان کی میانوالی کالونی ایف گیارہ بس اسٹاپ کے قریب پرچون کی ہول سیل کی دکان ہے اور زخمی شہری موٹر سائیکل پر 24 لاکھ روپے کی رقم لیکر نیا ناظم آباد کے مرکزی گیٹ کے سامنے واقع بینک میں جمع کرانے جا رہا تھا کہ موٹرسائیکل سوار2 ڈاکو شہری کے پیچھے لگ گئے۔
نیا ناظم آباد کے مرکزی گیٹ کے قریب ڈاکوؤں نے شہری کوروکنے کی کوشش کی اور نہ رکنے پرفائرنگ کردی جس کے باعث شہری ٹانگ میں گولی لگنے سے زخمی ہو گیا اور بینک کی آڑ لیکر چھپ گیا جبکہ مسلح ملزمان رقم لوٹے بغیر موقع پر سے فرار ہوگئے۔
منگھو پیر پولیس کے مطابق زخمی دکاندار کی حالت خطرے سے ہے اور پولیس نے زخمی دکاندار اور موقع پر سے شواہد اکٹھا کرکے واقعے کی تفتیش شروع کردی۔