اسلام خواتین کے حقوق کا مکمل تحفظ کرتا ہے بلاول بھٹو

مسلم خواتین نے ہر شعبے میں اہم کردار ادا کیا، وزیر خارجہ کا نیویارک میں ویمن کانفرنس سے خطاب


ویب ڈیسک March 08, 2023
مسلم خواتین نے ہر شعبے میں اہم کردار ادا کیا ہے، بلاول بھٹو ( فوٹو: فائل)

وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دین اسلام میں خواتین کو خصوصی اہمیت دی گئی اور دین اسلام خواتین کے تمام حقوق کا مکمل تحفظ کرتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو نے نیویارک میں کانفرنس ''خواتین، امن اور سلامتی'' سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے مختلف شعبہ جات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والی مسلم امہ اور پاکستان کی خواتین کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ مسلم خواتین نے ہر شعبے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا ہے کہ بانیٔ پاکستان قائد اعظم نے خواتین کو معاشرے کی اہم قوت قراردیا۔ شہید بے نظیر بھٹو اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم تھیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ شہید بی بی نے خواتین کو با اختیار بنانے کے لیے بےنظیرانکم سپورٹ پروگرام کا آغاز کیا۔

انھوں نے مزید کہا دنیا بھر میں خواتین کے لیے بہت کچھ کیا گیا ہے لیکن اب بھی مزید بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے بالخصوص خواتین کی تعلیم کے لیے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

https://twitter.com/appcsocialmedia/status/1633315333682364417?s=20

وزیر خارجہ نے جنگ زدہ علاقوں میں خواتین کی مشکلات کا زکر کرتے ہوئے کہا کہ عراق، افغانستان، یوکرین اور افریقی ممالک پر مسلط کی گئی جنگوں میں آج بھی خواتین کی چیخیں سنائی دیتی ہیں۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے بالخصوص مقبوضہ کشمیر اور فلسطین میں خواتین پر کیے جانے والے ظلم پر آواز اُٹھائی اور افغانستان میں خواتین پر پابندیوں پر تشویش کا اظہار کیا۔

 

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔