بھارت میں 75 سالہ شخص کے گردے سے 300 پتھریاں برآمد

کریم نگر کے کسان کو ہسپتال لایا گیا تو سینکڑوں پتھریوں کا انکشاف ہوا جن میں سے چند 7 سینٹی میٹر وسیع تھی


ویب ڈیسک March 10, 2023
75 سالہ بھارتی کسان کے گردوں سے 300 پتھریاں نکالی گئی ہیں جن میں سے کئی 7 سینٹی میٹر تک بڑی تھیں۔ فوٹو: ٹائمز آف انڈیا

بھارت میں 75 سالہ شخص کے گردے سے چھوٹی بڑی 300 سے زائد پتھریاں برآمد ہوئی ہیں جس پر خود ماہرین بھی حیران ہیں۔

کریم نگر سے تعلق رکھنے والے ایک عمررسیدہ کسان نے گردوں کی اطراف شدید تکلیف کی شکایت کی تو اسے حیدرآباد میں واقع ایشیئن انسٹی ٹیوٹ آف نیفرولوجی اینڈ یورولوجی (اے آئی این یو) لایا گیا۔ تو ڈاکٹروں نے فوری طور پر ایکسرے اور سی ٹی اسکین کئے جس سے معلوم ہوا کہ مریض کے گردوں میں پتھریاں کسی گچھے کی صورت میں موجود ہیں۔

ڈاکٹر تیف بندیگری نے بتایا کہ گردے میں پتھریوں کی جسامت عموماً 7 تا 15 ملی میٹر ہوتی ہے لیکن اس مریض کے جسم میں سات سینٹی میٹر تک کی بہت ساری پتھریاں دیکھی گئی ہیں جو مریض کو شدید تکلیف دے کر اسے بےچین کئے رکھتی ہیں۔

تاہم مریض ذیابیطس، بلڈ پریشر اور عارضہ قلب کا شکار بھی تھا جس نے مرض کو مزید پیچیدہ بنادیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ڈاکٹروں نے جدید لیزر ٹیکنالوجی سے کی ہول سرجری کی اورگردوں سے تمام پتھریاں نکال باہر کیں۔ اس پیچیدہ اور تھکادینے والے آپریشن کے بعد 300 کے قریب پتھریاں نکالی گئی ہیں۔

مریض کو دوسرے ہی دن گھر روانہ کردیا گیا جہاں اب اس کی صحت تیزی سے بہتر ہورہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں