وائس چیئرمین پرائیویٹ اسکولز پاکستان خالد رضا کے قتل کیس میں سنسنی خیز انکشافات
مقتول خالد رضا کو 3 ماہ قبل گھر پر ایک پارسل موصول ہوا تھا جس میں سے گھڑی نکلی تھی
گلستان جوہر بلاک سیون میں فائرنگ کرکے قتل کیے جانے والے فیڈریشن آف پرائیویٹ اسکولز پاکستان کے وائس چیئرمین خالد رضا کے قتل کی تحقیقات جاری ہیں جس دوران اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق تفتیشی ذرائع کے مطابق 26 فروری کو قتل کیے جانے والے خالد رضا کی ریکی 3 ماہ قبل شروع کی گئی تھی جبکہ خالد رضا کو 3 ماہ قبل گھر پر ایک پارسل موصول ہوا تھا۔
رائیڈر نے پارسل خالد رضا کے گھر کی تصدیق کے بعد اہل خانہ کے حوالے کیا تھا جس میں سے گھڑی نکلی تھی اور اس پر وقت 8 بجکر10 منٹ تھا۔
اہل خانہ نے پارسل پہنچانے والے رائیڈر کو گھر کی ویڈیو بناتے ہوئے دیکھا۔ اہل خانہ کے روکنے پر رائیڈر بھاگ نکلا جبکہ گھڑی کے ساتھ ملنے والی پرچی پر ''گڈ لک خالد رضا'' درج تھا۔ خالد رضا کو 26 فروری کو رات 8 بجکر10 منٹ پر ہی قتل کیا گیا۔
تحقیقاتی ذرائع کے مطابق خالد رضا کو پرچی جس نے بھیجی اس حوالے سے تحقیقات کر رہے ہیں۔