اسلام آباد ہائی کورٹ کا 15 روز میں چئیرمین ایچ ای سی کی تقرری کا حکم

15روز میں تقرری نہ ہوئی تو پنڈورہ بکس کھلے گا اور کئی پردہ نشینوں کے نام سامنے آئیں گے، جسٹس شوکت عزیز صدیقی

عدالت ایچ ای سی کے چیئرمین کی تقرری کا حکم دے چکی ہے لیکن اب تک اس کی تعمیل نہ ہونا عدالت کی توہین ہے، جسٹس شوکت عزیز فوٹو: فائل

ہائی کورٹ نے حکومت کو 15 روز میں ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے چئیرمین کی تقرری کا حکم دے دیا۔


اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے چیئرمین ایچ ای سی تعیناتی کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران سیکریٹری تعلیم نے عدالت کو بتایا کہ چیئرمین ایچ ای سی کی تقرری کے لئے موزوں ناموں پر مشتمل سمری وزیراعظم نواز شریف کو بھجوائی گئی تھی تاہم انہوں نے اسے مسترد کرتے ہوئے وفاقی وزیر خواجہ آصف کی سربراہی میں نئی کمیٹی تشکیل دے دی۔ جس پر جسٹس شوکت صدیقی نے ریمارکس دیئے کہ تعلیم کے معاملے پرحکومت کی جانب سے غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے اور ایچ ای سی ڈنگ ٹپاوٴپالیسی پر چل رہا ہے، عدالت ایچ ای سی کے چیئرمین کی تقرری کا حکم دے چکی ہے لیکن اب تک اس کی تعمیل نہ ہونا عدالت کی توہین ہے۔

جسٹس شوکت عزیز صدیقی کا کہناتھا کہ مناسب ہوگا کہ حکومت خود ہی 15 روز میں اس عہدے پر تعیناتی کردے، تعیناتی نہ ہوئی تو پنڈورہ بکس عدالت میں کھلے گا اور کئی پردہ نشینوں کے نام سامنے آئیں گے۔ کیس کی مزید سماعت 15 روز بعد ہوگی۔
Load Next Story