کارکن کی ہلاکت اور دوران حراست تشدد پر عدلیہ کب حرکت میں آئے گی عمران خان
ایک شخص کی نگرانی میں اعظم سواتی،شہباز گِل اور بہت سے سیاسی کارکنان کو زیرِحراست تشدد کانشانہ بنایا گیا، عمران خان
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ہمارے کارکن علی بلال پر وحشی درندوں سے بھی بدتر لوگوں نے بدترین تشدد کیا، عدلیہ کب اس کے خلاف حرکت میں آئے گی۔
عمران خان نے اپنے بیان میں کہا کہ انسان رب العزت کی عظیم ترین تخلیق ہے لیکن جب وہ جب گرتا ہے تو حیوانات تک کو پیچھے چھوڑ جاتا ہے۔ وہ وحشی جنہوں نے تشدد سے ہمارے ظلِ شاہ (علی بلال) کی جان لی،درندوں سےبھی بدتر ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ انہوں نےنفسیاتی طور پر مجہول اور دماغی خلل کے شکار ایک شخص کی نگرانی میں اعظم سواتی،شہباز گِل اور بہت سے سیاسی کارکنان کو زیرِحراست تشدد کانشانہ بنایا، دورانِ حراست تشدد کی اس رسمِ بد کے خاتمے کیلئے ہماری عدلیہ کب حرکت میں آئے گی۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی کے مقتول کارکن بلال کے والد وزیراعلیٰ پنجاب کو نامزد کروانے سے دستبردار
انہوں نے کہا کہ یہ تشدد ہمارے آئین ہی نہیں بلکہ عالمی سطح پر ہماری قانونی ذمہ داریوں سے بھی متصادم ہے، پاکستان بطور ریاست تشدد کے خلاف عالمی کنونشن (CAT)کاحصہ ہے۔