سعودی محکمہ شہری دفاع نے مقامی شخص کی شادی کی خوشیاں برباد ہونے سے بچالیں

ہفتے کی رات ریاض اور اس سے ملحقہ علاقے ریت کے شدید طوفان کی زد میں تھے جس کی وجہ سے کئی علاقے بجلی سے محروم ہوگئے

محکمہ شہری دفاع نے کئی گھنٹے جنریٹر کے ذریعے بجلی پہنچا کر نوجوان کی شادی کی خوشیوں کو خراب ہونے سے بچالیا۔ فوٹو: فائل

سعودی عرب میں شہری کی شادی کو متاثر ہونے سے بچانے کے لئے حکام نے پورے علاقے کو ہی جنریٹروں سے روشن کردیا۔

سعودی ویب سائٹ کے مطابق ہفتے کی رات دارالحکومت ریاض اور اس سے ملحقہ علاقے ریت کے شدید طوفان کی زد میں تھے جس کی وجہ سے کئی علاقے بجلی سے محروم ہوگئے، حکام کی جانب سے صورت حال سے نمٹنے کی کوششیں جاری تھیں کہ ایک مقامی شخص نے محکمہ شہری دفاع کے دفتر میں فون کرکے بتایا کہ آج اس کی شادی ہے اور علاقے میں بجلی کی بندش کی وجہ سے وہ اور اس کے اہل خانہ شادی کی تقریبات سے لطف اندوز نہیں ہوپائے گا۔ اگر وہ جلد از جلد بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائیں تو وہ ان خوبصورت لمحات کو ہمیشہ کے لئے امر کرسکے گا۔


شہری کی درخواست پر متعلقہ حکام کا دل ایسا پسیجا کہ انہوں نے متاثرہ علاقے میں خصوصی جنریٹرز پہنچا دیئے، جن کی مدد سے اس وقت تک علاقہ بقعہ نور بنا رہا جب تک بجلی کی فراہمی بحال نہیں ہوگئی۔اور اس سے ناصرف دلہے کی خوشیاں دوبالا ہوگئیں بلکہ علاقے کے دیگر افراد بھی اس سے مستفید ہوئے۔

 

 
Load Next Story