کراچی میں 10 سالہ ذہنی معذور بچہ زیادتی کے بعد قتل مقدمہ درج

پولیس نے گاڑی کے مالک اور چوکیدار کو حراست میں لے لیا، بچے کے جسم پر تشدد کے نشانات بھی تھے

پولیس نے گاڑی کے مالک کو حراست میں لے لیا (فوٹو: فائل)

شہر قائد کے علاقے زمان ٹاؤن گورنگی نمبر تین میں کھڑی گاڑی سے 10 سالہ ذہنی معذور بچے کی لاش برآمد ہوئی جسے زیادتی اور تشدد کے بعد قتل کیا گیا، پولیس نے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا۔

زمان ٹاؤن کے علاقے کورنگی میں بدھ کی شب سوزوکی کلٹس گاڑی سے 10 سالہ حسین کی تشدد زدہ لاش ملی تھی اس حوالے سے مقتول لڑکے کے والد اور ماموں کا کہنا تھا کہ حسین ذہنی طور پر معذور تھا اور وہ جمعے کو دن بارہ بجے سے لاپتہ تھا جسے انھوں نے ہر جگہ تلاش کیا لیکن اس کا کچھ پتہ نہ چل سکا اور ناکامی پر زمان ٹاؤن تھانے میں گمشدگی کی رپورٹ درج کرا ئی۔

بعدازاں اس کی لاش بدھ کی شب گھر سے کچھ فاصلے پر کھڑی ہوئی کار سے ملی۔ اس حوالے سے پولیس سرجن ڈاکٹر سمیعہ نے بتایا کہ نوعمر لڑکے کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد گلا دبا کر قتل کیا گیا جبکہ جسم پر تشدد کے نشانات بھی پائے گئے۔ تاہم پوسٹ مارٹم میں ڈی این اے سمیت دیگر نمونے حاصل کرلیے ہیں جن کی رپورٹ آنے کے بعد صورتحال مزید واضح ہوجائیگی ۔


مقتول کی نماز جنازہ گزشتہ روز گھر کے قریب بعد نماز ظہر ادا کی گئی جسے بعدازاں کورنگی قبرستان میں سپردخاک کر دیا گیا۔ زمان ٹاؤن تھانے کے ہیڈ محرر ایاز عباس نے بتایا کہ کار میں لڑکے کی لاش پچھلی سیٹ پر پڑی تھی جس کے بعد گاڑی کے مالک شہزاد نے مدد گار 15 پر کال کر کے اطلاع دی تھی تاہم ابتدائی طور پر پولیس نے انھیں پوچھ گچھ کے لیے اپنی تحویل میں لے لیا تھا جنھیں بعدازاں پابند کر کے چھوڑ دیا۔ اس کے بعد پولیس نے تفتیش کے لیے اسٹینڈ کے چوکیدار کو بھی پوچھ گچھ کیلیے حراست میں لیا۔

پولیس نے مقتول کے والد میزان کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف قتل اور اغوا سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔ ایس ایس پی کورنگی نے بتایا کہ گاڑی کے مالک اور چوکیدار کا ڈی این اے ٹیسٹ بھی کیا جائے گا۔

 
Load Next Story