اندرون سندھ تعینات پولیس اہلکار کراچی میں ٹرک چھیننے کی واردات میں ملوث نکلے

گڈاپ سٹی پولیس نے 2 اہلکاروں سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کرکے چھینا ہوا ٹرک برآمد کرلیا


Staff Reporter March 11, 2023
فائل فوٹو

اندرون سندھ میں تعینات پولیس اہلکار کراچی میں ٹرک چھیننے کی واردات میں ملوث نکلے۔

گڈاپ سٹی پولیس نے چھاپہ مار کارروائی کے دوران 2 پولیس اہلکاروں سمیت 3 ملزمان کو کار سمیت گرفتار کرکے چھینا ہوا ٹرک برآمد کرلیا، ترجمان ڈسٹرکٹ ملیر پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں شامل پولیس اہلکار نقیب اللہ اور صدام حسین سی آئی اے ڈسٹرکٹ نوشہرو فیروز میں تعینات ہیں جبکہ انکے تیسرے ساتھی کی شناخت غلام شبیر کے نام سے کی گئی۔

پولیس ترجمان کے مطابق کارروائی کے دوران ڈسٹرکٹ نوابشاہ پولیس میں تعینات سب انسپکٹر دھنی بخش بروہی اور ایک نامعلوم ملزم موقع سے فرار ہوگیا، پولیس اہلکاروں نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ سپر ہائی وے پر کاٹھور کے قریب ٹرک ڈرائیور اور کلینر کو اسلحے کے زور پر یرغمال بنا کر ان کے ہاتھ پاؤں باندھ کر ہائی وے سے متصل جھاڑیوں میں پھینک دیا تھا اور ٹرک چھین کر فرار ہوگئے تھے۔

گڈاپ پولیس نے مین سپر ہائی وے عثمانیہ ریسٹورنٹ کے قریب چھاپے میں ملزمان کو گرفتار کرکے چھینا ہوا ٹرک برآمد کرلیا، فرار ملزمان کی تلاش میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

ایس ایچ او گڈاپ سٹی ذوالفقار آرائیں نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ مجھے ملزمان کے قبضے سے برآمد کی جانے والی کرولا کار کے بارے میں کچھ علم نہیں، ملزمان کی نشاندہی مدعی مقدمہ ٹرک ڈرائیور کی جانب سے کی گئی تھی اور پولیس نے صرف چھینا ہوا ٹرک برآمد کیا ہے۔ گاڑی سے متعلق انہیں کوئی معلومات نہیں۔

ایس ایچ او گڈاپ نے مزید بتایا کہ گرفتار پولیس اہلکاروں اور فرار ہونے والے سب انسپکٹر کو سیہون میں عرس کی تقریب کے موقع پر سیکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات کیا گیا تھا جبکہ مدعی مقدمہ کے مطابق واقعہ سپرہائی وے کاٹھور کے قریب بدھ کی رات 4 بجے کے قریب پیش آیا تھا۔

مدعی کے مطابق وہ اپنے ساتھی کے ہمراہ ٹرک گرم ہونے پر اسے سڑک کے کنارے روک کر اس میں پانی ڈال رہے تھے کہ جھاڑیوں سے 5 مسلح ڈاکوؤں نے انہیں یرغمال بنا کر اُس سے 5 ہزار اور اسکے ساتھی سے 4 ہزار روپے نقد چھین لیے اور دونوں کے ہاتھ پاؤں باندھ کر جھاڑیوں میں پھینک کر ٹرک چھین کر فرار ہوگئے بعد ازاں انہوں نے خود کو رسیوں سے آزاد کرایا جس کے بعد نیو سبزی منڈی پہنچے اور ٹرک کے مالک کو واقعے سے آگاہ کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں