کراچی ڈیفنس میں کار الٹ کر کھمبے سے جا ٹکرائی ایک شخص جاں بحق
حادثے میں لڑکا اور لڑکی بھی زخمی ہوئی تاہم لڑکا اسپتال سے فرار ہوگیا
ڈیفنس فیز ٹو شیل پیٹرول پمپ کے قریب تیز رفتار کار ڈرائیور سے بے قابو ہو کر الٹ گئی اور کھمبے سے جا ٹکرائی جس کے نیتجے میں کار میں سوار ایک شخص جاں بحق اور خاتون زخمی ہوگئیں۔
پولیس کے مطابق متوفی کی شناخت 24 سالہ موسیٰ خان کے نام سے کی گئی جبکہ زخمی ہونے والی خاتون کی شناخت 20 سالہ ماریہ دختر عدنان کے نام سے کی گئی۔ متوفی کی لاش اور زخمی خاتون کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
ایدھی ذرائع کے مطابق حادثے کے وقت کار میں دو لڑکے اور ایک خاتون تھی، ایک لڑکا جاں بحق اور خاتون سر پر چوٹ لگنے سے زخمی ہوئی جبکہ دوسرا لڑکا معمولی زخمی ہوا تھا جو اسپتال تک تو ساتھ آیا تھا لیکن وہ موقع سے فرار ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والی خاتون کو پولیس نے بیان دینے کے لیے ایم ایل او کے آفس میں روک لیا تھا، مضروب خاتون کے متضاد بیانات کے باعث پولیس کو شکوک پیدا ہوئے۔
مضروب خاتون نے پہلے اپنے بیان میں بتایا کہ وہ ملائشیا کی رہنے والی ہے لیکن کچھ دیر بعد اس نے اپنے آپ کو چین، پھر انگلینڈ اور جرمنی سے بتایا جبکہ جاں بحق ہونے والے لڑکے کے حوالے سے اس کا بس اتنا کہنا تھا کہ وہ اس کا دوست تھا لیکن کہاں رہتا اور کیا کرتا ہے وہ نہیں جانتی۔
جاں بحق ہونے والے نوجوان کے ورثا کی تلاش شروع کر دی گئی ہے جبکہ لاش ضابطے کی کارروائی کے بعد چھیپا سردخانے منتقل کر دی گئی۔