نومنتخب وزیراعظم نے حلف اُٹھالیا صدر شی جنپنگ کے قریبی ساتھی ہیں

صدر کی جانب سے نامزدگی پر پارلیمنٹ نے لی کیانگ کو متفقہ طور پر منتخب کرلیا


ویب ڈیسک March 12, 2023
چین کے نئے وزیراعظم لی کیانگ کو صدر شی جنپنگ کا معتمد خاص سمجھا جاتا ہے، فوٹو: ٹوئٹر

مسلسل تیسری بار چین کا صدر منتخب ہونے والے شی جنپنگ نے اپنے معتمد خاص ''لی کیانگ'' کو وزیراعظم نامزد کر دیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کے نئے وزیراعظم کے نام کا اعلان کردیا گیا۔ چینی صدر شی جنپنگ نے تیسری بار صدر کا حلف اُٹھانے کے بعد پارلیمنٹ کے اجلاس سے خطاب میں ''لی کیانگ'' کی بطور وزیراعظم نامزدگی کا اعلان کیا۔

پارلیمان نے متفقہ طور پر وزیراعظم کے عہدے کے لیے لی کیانگ کے حق میں ووٹ دیا۔ کسی ایک رکن نے بھی مخالفت نہیں کی۔ اس طرح صدر کے ساتھ ساتھ وزیراعظم بھی متفقہ طور پر منتخب ہوگئے۔

یہ خبر پڑھیں : شی جنپنگ مسلسل تیسری بار چین کے صدر منتخب

حکمراں جماعت کمیونسٹ پارٹی کے شنگھائی شہر کے سابق چیف 63 سالہ لی کیانگ چینی صدر کے قریبی ساتھی تصور کیے جاتے ہیں۔ صوبے ژی جیانگ کے صوبائی صدر ہونے کے ساتھ ساتھ وہ 2004 سے 2007 تک شی جنپنگ کے چیف آف اسٹاف بھی رہے۔

نومنتخب لی کیانگ نے شنگھائی میں کورونا زیرو ٹالرنس پر پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کرانے پر عالمی شہرت حاصل کی تھی اور شنگھائی کو ایک کامیاب انڈسٹری زون بنانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

سبکدوش ہونے والے وزیراعظم ''لی کی قینگ'' 2013 سے 2023 تک مسلسل دس سال اس عہدے پر براجمان رہے اور نو منتخب وزیراعظم لی کیانگ سے گلے مل کر مبارک باد دی۔

 

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں