سی ٹی ڈی پولیس نے مبینہ مقابلے میں کراچی پولیس آفس حملے کے ماسٹرمائنڈ کو ساتھی سمیت ہلاک کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سی ٹی ڈی پولیس پارٹی سے منگھوپیر مائی گاڑی مزار کے قریب مبینہ مقابلے کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشتگرد مارے گئے جب کہ 2 کو گرفتار کرلیا گیا۔
ہلاک دہشتگردوں کی شناخت 26 سالہ ارید اللہ اور 23 سالہ عبد الوحید کے نام سے کی گئی جن کی لاشیں سول اسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔ سی ٹی ڈی نے دعویٰ کیا ہے کہ ارید اللہ کے پی او حملے کا ماسٹر مائنڈ تھا۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی پولیس آفس پر کلیئرنس آپریشن مکمل، 3 دہشت گرد ہلاک، رینجرز اہلکار سمیت 4 شہید
سی ٹی ڈی پولیس نے بتایا کہ مارے جانے والے دہشت گردوں سے خودکش جیکٹ بھی برآمد ہوئی جسے بم ڈسپوزل اسکواڈ نے ناکارہ بنا دیا جب کہ چھوٹے بڑے 5 ہتھیار اور ان کے زیر استعمال 2 موٹر سائیکل بھی قبضے میں لی گئی ہیں۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ ارید اللہ ٹی ٹی پی کراچی کا کمانڈر تھا اور مبینہ طور پر کراچی پولیس آفس پر حملے کا ماسٹر مائنڈ تھا تاہم مقابلہ کے حوالے سے آج اہم پریس کانفرنس کی جائے گی۔