عمران خان کا اتوار کو مینار پاکستان پر جلسے کا اعلان
توشہ خانہ کیس میں دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوگیا،اسی طرح ن لیگ کی فارن فنڈنگ سامنے آنے پر سب پتا چل جائیگا،عمران خان
تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اتوار کو دوپہر دو بجے مینار پاکستان پر پارٹی کے جلسے کا اعلان کردیا۔
عمران خان کی قیادت میں زمان پارک سے داتا دربار تک نکلنے والی ''انتخابی مہم ریلی'' سے بلٹ پروف گاڑی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ توشہ خانہ کیس میں سب دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوگیا، جو فارن فنڈنگ کیس ہے اس میں جب ن لیگ کی فنڈنگ سامنے آئے گی تو سب پتا لگ جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سب کو معلوم ہے کہ میری جان کو خطرہ ہے، ملک کے اوپر چوروں کا ٹولہ مسلط ہے، یہ سب ملکر مجھے کسی بھی طرح نااہل کرنا چاہتے ہیں، مجھ سمیت میری تمام پارٹی کے عہدیداوں پر سینکڑوں کیسسز کر رکھے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : عمران خان نااہلی؛ دو منٹ کا کیس ہے؟ یا بیٹی تسلیم کریں یا انکار کریں، اسلام آباد ہائیکورٹ
عمران خان نے کہا کہ توشہ خانہ گھڑی کے معاملے پر مجھ پر بے حد تنقید اور کیس بنایا گیا، ہر طرح سے میری کردار کشی کی گئی، ان چوروں کا احتساب کرنے اور حقیقی آزادی کے لیے پوری قوم کو نکلنا ہو گا۔
یہ بھی پڑھیں : توشہ خانہ فوجداری کارروائی کیس؛ عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بحال
اس سے قبل جب ریلی نکالی گئی تو سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پی ٹی آئی کے آفیشل اکاؤنٹ سے ایک ویڈیو پوسٹ کی گئی جس میں کہا گیا کہ عمران خان ریلی کی قیادت کیلیے روانہ ہوچکے ہیں۔
سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر پی ٹی آئی نے ریلی کے شرکا کو پیدل ہی مہم میں شرکت پر زور دیا گیا جبکہ انتظامیہ نے ریلی کے مرکزی شاہراہوں سے ملحقہ سڑکوں پر کنٹینرز لگا کر راستوں کو محدود کردیا۔
یہ بھی پڑھیں : اسلام آباد پولیس عمران خان کی گرفتاری کیلئے لاہور پہنچ گئی
اس ضمن میں رہنما پی ٹی آئی فواد چوہدری نے ریلی میں شریک شرکا کے حوالے سے کہا کہ 'اس وقت لاہور میں ریلی کے مناظر دیکھیں اور سمجھیں عمران خان کو روکنا عوامی غیض و غصب کو دعوت دینے کے مترادف ہے، لوگوں کے آگے احمق کھڑے ہوتے ہیں عقلمند عوام کو ساتھ لے کر چلتے ہیں۔
بعدازاں رہنما پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے مختصر بات کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان زمان پارک میں ریلی کے اختتام پر دوران خطاب ایک اہم اعلان کریں گے۔