ڈومیسٹک سیزن 19 ڈپارٹمنٹس نے شرکت کی تصدیق کردی

گورننگ بورڈ میں ریجنز اور ڈپارٹمنٹس کے 4،4نمائندے شامل کرنے کی منظوری


Sports Reporter March 14, 2023
نیشنل کرکٹ اکیڈمی کا نام بحال،یوتھ ٹورز کی تفصیل بھی جاری کردی گئی۔ فوٹو: پی سی بی

نئے ڈومیسٹک سیزن میں 19ڈپارٹمنٹل ٹیموں نے شرکت کی تصدیق کردی۔

پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کا تیسرا اجلاس گذشتہ روز ہوا جس میں بتایا گیا کہ نئے ڈومیسٹک سیزن میں 19ڈپارٹمنٹل ٹیموں نے شرکت کی تصدیق کردی ہے۔

12نئے ڈپارٹمنٹس نے بھی رجسٹریشن کیلیے درخواست کی ہے،شرکت کی تصدیق کرنے والی ٹیمیں سیزن2018/19کا حصہ تھیں، اجلاس میں پی سی بی 2014 آئین کے تحت گورننگ بورڈ میں 4 ریجنل اور اتنے ہی ڈپارٹمنٹل نمائندے شامل کرنے کی منظوری دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: نجم سیٹھی کی زیر صدارت اجلاس،آئی سی سی اور اے سی سی اجلاس کے حوالے سے مشاورت

نیشنل کرکٹ اکیڈمی کا نام بحال ہوگیا، گزشتہ دور میں اسے نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر قرار دے دیا گیا تھا، مینجمنٹ کمیٹی نے یوتھ ٹورز کی بھی منظوری دے دی۔

پاکستان انڈر 19ٹیم مئی میں بنگلہ دیش میں ایک 4روزہ، 5ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی،پاکستان شاہینز زمبابوے میں 4روزہ اور ون ڈے میچز کی سیریز میں شریک ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: شاداب خان کو کپتان بنانے پر شاہد آفریدی کا ردعمل سامنے آگیا

جون، جولائی میں اے سی سی ایمرجنگ کپ بھی شیڈول ہے،کمیٹی کے ارکان نے پی ایس ایل 8کی بھرپور پذیرائی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بہترین ٹی ٹوئنٹی پچز کی تیاری پر کیوریٹرز کو مبارکباد دی۔

اس موقع پر ویمنز لیگ اور ملک میں ایج گروپ کرکٹ پر بریفنگ دی گئی، ایشیا کپ اور ورلڈکپ کے معاملات بھی زیر غور آئے، نجم سیٹھی 18 سے 20 مارچ تک آئی سی سی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل کے ٹاپ اسٹار پلیئرز گھر پر رہیں گے

دوسری جانب ٹورنامنٹ ایویلویشن کمیٹی تشکیل دے دی گئی جس کے سربراہ نجم سیٹھی، ڈومیسٹک کمیٹی کے چیئرمین شکیل شیخ، چیف سلیکٹر ہارون رشید اراکین ہوں گے، اینٹی کرپشن یونٹ اورشعبہ ڈومیسٹک کرکٹ کے نمائندے بھی کمیٹی میں شامل ہوں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔