مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ چور اور ڈاکو گرفتاری سے ڈرتے ہیں لیکن لیڈر گرفتاری سے نہیں ڈرتے۔
یہ بات انہوں ںے شیخوپورہ میں مسلم لیگ (ن) کے تنظیمی کنونشن سے خطاب میں کہی۔ ان کے ساتھ رانا ثناء اللہ، پرویز رشید، طلال چوہدری، عظمیٰ بخاری اور ثانیہ عاشق بھی موجود تھے۔
انہوں ںے کہا کہ جو مشکل سے ڈر کر چھپ جائے اسے لیڈر نہیں گیدڑ کہتے ہیں، جتنا کڑا وقت نواز شریف پر آیا تو کیا نواز شریف چھپ گیا؟ نواز شریف نے کبھی اپنے کارکنوں کو ڈھال نہیں بنایا لیکن جو لیڈر چارپائی کے نیچے چھپ جائے اسے عمران خان کہتے ہیں۔
انہوں ںے کہا کہ نواز شریف نے کارکنوں کو ڈنڈے کھانے کے لیے نہیں چھوڑا، نواز شریف اپنی بیٹی کا ہاتھ پکڑ کر پاکستان گرفتاری دینے کے لیے آیا، میں پوچھتی ہوں کہ اگر تم نے چوری نہیں کی تو تلاشی کیوں نہیں دیتے؟ جس نے چوری نہیں کی ہوتی وہ تلاشی بھی دیتا ہے، اپنی بیٹی کا حساب بھی دیتا ہے اپنی پارٹی کا بھی حساب دیتا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ چور اور ڈاکو گرفتاری سے ڈرتے ہیں لیکن لیڈر گرفتاری سے نہیں ڈرتے، عدالت بلاتی ہے تو عمران خان پلستر دیکھا دیتا ہے ، عدالت بلائے تو جان کا خطرہ ہے اور کل شام کو لاہور ریلی لے کر نکلا تو جان کا خطرہ نہیں تھا؟ یہ کہتا ہے مجھے عدالت نہیں جانا میرے ٹانگ ٹوٹی ہوئی ہے لیکن جلسوں اور ریلیوں میں شرکت ہورہی ہے۔
انہوں ںے کہا کہ مریم کو آزادی تم نے پلیٹ میں رکھ کر دی تھی؟ جس طرح تمہارے دور میں مریم پابندیاں توڑ کر جلسے کرتی تھی بہادری سے نکلتی تھی تم بھی بہادر بنو، کل لاہور نے عمران خان کو ریجیکٹ کیا، ننھی مُنی سی ریلی لے کر چکر لگاتا رہا، اب لاہور کی کوئی ماں اس کے لیے اپنا بیٹا شہید نہیں کرسکتی۔
انہوں نے کہا کہ ظل شاہ جاتے جاتے اس فتنے کو بے نقاب کرگیا، ظل شاہ کے والد کو بلا کر اڑھائی گھنٹے بٹھایا، میں سیاسی کارکن کی عزت کرتی ہوں، عمرا ن خان نے بادشاہ سلامت بن کر ظل شاہ کے والد کی تذلیل کی، عمران خان ظل شاہ کی موت پر سیاست کر رہا ہے، عمران کے اپنے بچے لندن میں ہیں اور یہاں لوگوں کے بچوں کو ڈنڈے کھانے لے لیے آگے کیا ہوا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ ثاقب نثار کہتا ہے مریم نواز بد تمیز ہے، میری تربیت نواز شریف اور کلثوم نواز نے کی ہے، مریم نواز بدتمیزی نہیں کر رہی آئینے میں تمہارا چہرہ دکھا رہی ہوں۔
مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا کہ الیکشن آنے والا ہے، مسلم لیگ ن الیکشن لڑنے کے لیے نہیں جیتنے کے لیے میدان میں اتڑی ہے ، بھاری اکثریت سے الیکشن جیتیں گے ، الیکشن کے لیے ہم تیار ہیں ، یہ نہیں ہوگا نواز شریف بے گناہ سزا بگھتا رہے اور عمران خان مجرم ہو کر آزاد گھومتا رہے، پہلے ترازاو کے دونوں پلڑے برابر کرو پھر چاہے کل الیکشن کروا لو مسلم لیگ ن تیار ہے۔