اورنگی ٹاؤن پانی کی بندش پر احتجاج کرنیوالوں پر پولیس کا لاٹھی چارج

پانی کا مصنوعی بحران پیدا کرکےواٹربورڈ کا عملہ ٹینکر مافیا کے ساتھ مل کر ہمارے حصے کا پانی فروخت کر رہا ہے، علاقہ مکین

اورنگی کے متعدد علاقے کئی ہفتوں سے پانی سے محروم،سیکٹر12اور13کے مکینوں کااحتجاج،ہنگامہ آرائی کے باعث ٹریفک معطل ۔ فوٹو : فائل

اورنگی ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں پانی کی عدم فراہمی پر مشتعل مکینوں نے احتجاج کرتے ہوئے ٹائر نذر آتش کر کے سڑک بلاک کر دی ۔


جس کے باعث ٹریفک جام ہوگیا، پولیس نے لاٹھی چارج اور ہوائی فائرنگ کر کے مظاہرین کو منتشر کردیا، تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں گزشتہ کئی روز سے پانی کی عدم فراہمی پر مشتعل مکینوں نے جس میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے ، اورنگی نشان حیدر چوک پر احتجاج کرتے ہوئے واٹر بورڈ کے خلاف نعرے لگائے، اس موقع پرمشتعل افراد نے ٹائر نذر آتش کر کے سڑک بلاک کر دی جس کے باعث ٹریفک معطل ہوگیا جبکہ پتھراؤ کے باعث متعدد گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے، مشتعل افراد کا کہنا تھا کہ واٹر بورڈ کا عملہ ٹینکر مافیا کے ساتھ مل کر ہمارے حصے کا پانی فروخت کر رہا ہے، علاقے میں پانی کا مصنوعی بحران پیدا کر کے ہمیں مہنگے داموں پانی خریدنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔

واٹر بورڈ کے عملے کی نااہلی کے باعث اورنگی ٹاؤن کے کئی علاقے گزشتہ کئی ہفتوں سے پانی سے محروم ہیں، پانی کی عدم فراہمی کے خلاف مرکزی شارع اورنگی پر کیے جانے والے احتجاج کے باعث ملحقہ علاقوں میں بدترین ٹریفک جام ہوگیا، پولیس نے مشتعل افراد کو منتشر کرنے کے لیے پہلے مذاکرات کا سہارا لیا اور ناکامی پر لاٹھی چارج ، شیلنگ اور ہوائی فائرنگ کر کے مشتعل افراد کو منتشر کر دیا جبکہ متعدد افراد کو حراست میں بھی لے لیا، اسی دوران پانی کی عدم فراہمی پر اورنگی کے علاقے سیکٹر12اور13 کے مکین بھی گھروں سے باہر نکل آئے اور مرکزی شارع پر رکاوٹیں کھڑی کر کے ٹائروں کو نذر آتش کیا، ہنگامہ آرائی کے باعث ٹریفک معطل ہوگیا جبکہ مشتعل افراد کا کہنا تھا کہ واٹر بورڈ کی نااہل انتظامیہ نے مکینوں کی زندگی کو اجیرن بنا دیا ہے اور اورنگی ٹاؤن میں پانی کا مصنوعی بحران پیدا کیا ہوا ہے جبکہ ٹینکر مافیا کو بدستور پانی مل رہا ہے، وہ پانی کے مصنوعی بحران سے بھر پور فائدہ اٹھاتے ہوئے ہمارے حصے کا پانی ہمیں ہی مہنگے داموں فروخت کر رہے ہیں تاہم پولیس نے لاٹھی چارج اور ہوائی فائرنگ کے بعد مشتعل افراد کو منتشر کر کے ٹریفک بحال کرا دیا۔
Load Next Story