مسافر کوچ میں دوران ڈکیتی زخمی ہونیوالے لیکچرار نے دم توڑ دیا

یوسف پنہور ہفتہ کی شب دوران ڈکیتی زخمی ہوئے تھے، 2ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے ، پولیس،لیکچرار کی دادو میں تدفین


Staff Reporter April 15, 2014
این ای ڈی یونیورسٹی کے طلبا کا احتجاج،واقعہ فرقہ وارنہ ٹارگٹ کلنگ ہے، ملزمان کو گرفتار کیا جائے، مجلس وحدت مسلمین فوٹو: فائل

شاہ لطیف ٹاؤن میں مسافر کوچ میں فائرنگ سے شدیدزخمی ہونے والے این ای ڈی یونیورسٹی کے لیکچرار دوران علاج چل بسے ، واقعے کے خلاف یونیورسٹی کے مشتعل طلبا نے احتجاج کرتے ہوئے سڑک بلاک کر دی اور ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ۔

مجلس وحدت المسلمین نے واقعے کو فرقہ وارنہ ٹارگٹ کلنگ کا قرار دیتے ہوئے واردات میں ملوث دہشت گردوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے، تفصیلات کے مطابق شاہ لطیف ٹاؤن کے علاقے خلدآباد پولیس چوکی کی حدود میں 12 اپریل بروز ہفتہ کی شب مسلم کوچ میں فائرنگ سے شدید زخمی ہونے والے یوسف پنہور المعروف منتظر مہدی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے نجی اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گئے ، مقتول اسٹیل ٹاؤن کے رہائشی اور ان کا آبائی تعلق ضلع دادو سے تھا جہاں ان کی تدفین کی گئی ، مقتول این ای ڈی یونیورسٹی میں پٹرولیم انجینئرنگ کے لیکچرار تھے ، ایس ایچ او غلام فرید جت نے بتایا کہ پولیس نے واردات کے بعد فرار ہونے والے 2 ملزمان طاہر اور عمران کو گرفتار کیا تھا جبکہ واقعہ کوچ میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر پیش آیاتاہم مجلس وحدت المسلمین کا کہنا ہے کہ یوسف پنہور عرف منتظر مہدی کا قتل فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کا نتیجہ ہے اور واقعہ میں ملوث دہشت گردوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے ۔

این ای ڈی یونیوسٹی کے لیکچرار یوسف پنہور عرف منتظر مہدی کے قتل پر این ای ڈی یونیورسٹی طلبا کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں مقررین نے کہا کہ اساتذہ کو تحفظ فراہم نہ کیا گیا تو پاکستان کا مستقبل داؤپر لگ جائے گا وکلا ، ڈاکٹروں اور ماہرین تعلیم کا قتل کیا جانا پاکستان کو تباہ کرنے کے مترادف ہے ، احتجاجی ریلی این ای ڈی کے گیٹ پر اختتام پذیر ہوئی جہاں طلبا نے اساتذہ کی شہادت کے خلاف شدید نعرے بازی کی ، ریلی میں طلبہ و طالبات نے بڑی تعداد نے شرکت کی ، طلبا سے خطاب میں اساتذہ یونین کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان میں تعلیم کے شعبے سے منسلک افراد کو چن چن کر قتل کیا جا رہا ہے ، حکومت اور ریاستی اداروں نے مکمل خاموشی اختیار کی ہوئی ہے ، ان کا کہنا تھا کہ اساتذہ کو تحفظ فراہم نہ کیا گیا تو ملک کا مستقبل داؤ پر لگ جائے گا ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں