برطانوی شخص نے الٹے قدموں میراتھن دوڑنے کا اعلان کر دیا

ٹام ہیریسن نے پہلے گوریلا کے لباس میں چاروں ہاتھ پیروں پر دوڑ لگائی لیکن اب ریڈ کراس کے لیے رقم جمع کریں گے

46 سالہ برطانوی شخص ٹام ہیریسن 42 کلومیٹر طویل میراتھن میں الٹا دوڑ کر عطیے کی رقم یوکرین کو دینا چاہتے ہیں۔ فوٹو: فائل

برطانوی شخص نے اعلان کیا ہے جلد متوقع لندن میراتھن میں وہ الٹے دوڑیں گے اور اس سے جمع ہونے والی رقم ریڈکراس اور یوکرینی عوام کو دی جائے گی۔

46 سالہ ٹام ہیریسن اس سے قبل گوریلا کا لباس پہن کر چاروں ہاتھ پیروں سے چل کر بھی ایک دوڑ میں حصہ لے چکے ہیں۔ لیکن اس بار وہ طویل لندن میراتھن دوڑ میں الٹے قدموں دوڑیں گے۔ اسطرح وہ یوکرین پرمسلط جنگ سے دنیا کو آگاہ کرنا چاہتے ہیں۔




پیشے کے لحاظ سے پروجیکٹ مینیجر ٹام ستمبر 2022 میں کارنویل سے پارلیمنٹ تک 263 میل کا پیدل سفر بھی کرچکے ہیں جس میں انہیں کل 15 دن لگے تھے اور گوریلا بن کر بھی میراتھن میں دوڑ چکے ہیں۔ لیکن وہ اب الٹے قدم چل کر کچھ رقم جمع کرنا چاہتے ہیں تاکہ وہ یوکرین کی عوام اور ریڈ کراس کو عطیہ کرسکیں۔

ٹام نے کم سے کم 2000 برطانوی پاؤنڈ کا ہدف مقرر کیا ہے۔ اس سے قبل وہ کیک بناکر فروخت کرتے رہے ہیں اور اس کی رقم بھی عطیہ کی ہے۔
Load Next Story