گرفتاری کا دعویٰ ڈرامہ اصل مقصد اغوا اور قتل کرنا ہے عمران خان

رینجرز کی تازہ ترین یلغار ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کو فوج کے مدمقابل کھڑا کررہی ہے، عمران خان


ویب ڈیسک March 15, 2023
کل سہ پہر سے میرا گھر شدید حملے کی زد میں ہے، عمران خان:فوٹو:سوشل میڈیا

پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے چئیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ گرفتاری کا دعویٰ ڈرامہ ہے اصل مقصد اغوا کرکے قتل کرنا ہے۔

پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ آنسو گیس سے لے کر واٹرکینن کا استعمال کرنے کے بعد اب یہ براہ راست فائرنگ کررہے ہیں۔



عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ میں نے گزشتہ شام ضمانتی بونڈ پر دستخط کیے تھے لیکن ڈی آئی جی نے اسے وصول کرنے سے انکار کردیا۔ ان کے مذموم مقاصد کے بارے میں کوئی شک اور شبہ نہیں۔

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ نیوٹرل ہونے کا دعویٰ کرنیوالے بتائیں کیا یہ آپ کا نیوٹرل ہونا ہے۔ رینجرز براہ راست نہتے مظاہرین اور ملک کی سب سے بڑی اور مقبول پارٹی کے رہنماؤں سے محاذ آرائی کررہی ہے۔

مزید پڑھیں: جیل جانے کیلیے تیار ہوں، عمران خان

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنماؤں کو غیر قانونی وارنٹ بھیجے جارہے ہیں۔ ان کے کیسز پہلے ہی عدالتوں میں ہیں۔ بدمعاشوں کی حکومت انہیں اغوا اورممکنہ طور پر قتل کرنے کی کوشش کررہی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ ہمارے ورکرز اور قیادت گزشتہ روز سے پولیس کی کارروائی کا نشانہ بن رہے ہیں۔ آج صبح ان کے خلاف آنسو گیس، کیمیکل والے پانی کی واٹر کینن ، ربر کی گولیوں اور براہ راست فائرنگ کی جارہی ہے۔ اب رینجرز لوگوں سے براہ راست محاذ آرائی کررہی ہے۔

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ کل سہ پہر سے میرا گھر شدید حملے کی زد میں ہے۔ رینجرز کی تازہ ترین یلغار ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کو فوج کے مدمقابل کھڑا کررہی ہے۔ پی ڈی ایم اور پاکستان کے دشمن یہی تو چاہتے ہیں۔ مشرقی پاکستان کے المیے سے کوئی سبق نہیں سیکھا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔