واٹر بورڈ افسر کے قاتلوں کا سراغ مل گیا ٹھکانوں پر چھاپے ناکام کئی ملزم کوئٹہ فرار ہو گئے

واٹر بورڈ کے افسرظہور الاسلام کے قاتلوں کے گھروں پرچھاپوں میں ملنے والی ملزم سراج کی تصویر اہلخانہ نے پہچان لی

محمد میر سمیت کئی ملزم کوئٹہ میں موجود ہیں ،ڈکیت گروہ کاسرغنہ ماما بلوچ یا محمد میر ہے،پولیس افسرنور مصطفی ۔ فوٹو : ایکسپریس

پولیس نے واٹر بورڈ کے ڈپٹی ڈائریکٹر کے قتل میں ملوث گرفتار افغان نژاد ملزم کے ساتھیوں کا سراغ لگا لیا ہے۔

ملزمان کی گرفتاری کے لیے مارے گئے چھاپے ناکام رہے گروہ کے چند ملزم کوئٹہ فرار ہو گئے ہیں، تفصیلات کے مطابق5 اپریل کو گلستان جوہر بلاک 12میں بنگلے میں داخل ہونے والے ڈکیتوں نے واٹر بورڈ کے ڈپٹی ڈائریکٹر ظہور الاسلام ہاشمی کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا جو بعدازاں جاں بحق ہوگئے تھے، واردات کے دوران اہلخانہ نے ایک ڈکیت کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا تھا،ظہور الاسلام کے قتل کی تحقیق پر مامور شاہراہ فیصل انویسٹی گیشن پولیس کے سب انسپکٹر نور مصطفی نے بتایا کہ جائے وقوع سے پستول کے علاوہ ایک موبائل فون ملا تھا موبائل فون کے ریکارڈ اور نمبروں سے کئی ملزمان اور مشکوک افراد کا پتہ چلا ہے جس پر پولیس نے کارروائی کی اور چھاپے مارے لیکن ملزمان گھروں سے فرار ہوچکے تھے ۔

موبائل فون میں کے ٹو، ماما ، منسٹر، این این سمیت مختلف7 فون نمبر محفوظ تھے پولیس کو شک تھا کہ یہ موبائل نمبر مفرور ملزمان کے ہیں پولیس نے موبائل نمبر کا ریکارڈ نکلوایا تو ماما کے نام سے محفوظ نمبر رشیدہ کا تھا پولیس نے اس کے گھر بلدیہ ٹائون کمہار واڑہ پر چھاپہ مارا تو مکان خالی تھا شبہ ہے کہ رشیدہ خاتون واردات میں ملوث ملزم ماما بلوچ کی ماں ہے ، ملنے والے موبائل فون پر افغانستان کے موبائل نمبر سے مسلسل کال آرہی تھی موبائل نمبر کی لوکیشن نکالنے پر معلوم ہوا کال اورنگی ٹائون تنویر کالونی سے کی جا رہی تھی۔




جس پر چھاپہ مارا تو گھر میں کوئی موجود نہ تھا تاہم سراج نامی شخص کی تصویر مل گئی جسے پولیس نے تحویل میں لیکر مقتول کے اہلخانہ کو دکھائی جنھوں نے تصدیق کی کہ ملزم سراج بھی واردات میں موجود تھا، پولیس کو موبائل میں موجود نمبر سے مبینہ ملزم محمد میر کا بھی ریکارڈ ملا ہے تاہم مقام کے تعین پر پتہ چلا کہ ملزم کوئٹہ میں ہے۔

پولیس کو شبہ کے کہ ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث گروہ کا سر غنہ ماما بلوچ یا پھر محمد میر ہے، گرفتار افغان نژاد ملزم محمد رسول عرف محمد حسین ولد سرفراز نے دوران تفتیش ایک ملزم کا نام اختر بتایا ہے، ملزمان کی تعداد 5 سے زیادہ تھی گرفتار ملزم خود کو کچرا چننے والا اور کبھی ملزمان کا ساتھی بتایا ہے۔
Load Next Story